وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر پیغام

Published on September 6, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 321)      No Comments

Nawaz
اسلام آباد (یو این پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وطن عزیزکی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم یکجان ہے، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدت کیلئے کوشاں رہیں گے، پیشہ وارانہ تیاریوں، عزم اور ہمت سے ہی چمن میں آزادی کے پھول مہک رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہی جو (آج) اتوار کو نہایت جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے، ہم تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، تا ہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں ۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مسلح افواج ، قومی ہیروز اور شہداء کو بھرپور اندار میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم اپنی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدت کیلئے کوشاں رہیں گے، کیوں کہ ہم اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ پیشہ وارانہ تیاریوں ، عزم اور ہمت سے ہی چمن میں آزادی کے پھول مہک رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان قوم کے لازوال عزم ، جرأت و بہادری اور بے مثال جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ آج ہم اُن یادگار لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج اور قوم نے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن قوم اپنے اُن شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے دوران جرأت و بہادری کی بہت سی داستانیں رقم کیں اور اپنے فرض کی تکمیل کے دوران اپنی جان تک کی پرواہ نہ کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ فرض سے لگن اور قومی خدمات کا یہ جذبہ آج بھی ہماری مسلح افواج میں موجزن ہے۔ ہمارے بہادر افسر اور جوان اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اندرونی و بیرونی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بری، بحری اور فضائی سرحدوں کی نگرانی کے علاوہ اندرونی ایشوز خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ’’ضربِ عضب‘‘ آپریشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا ، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ قومی اتحاد و یگانگت کی اس مثال نے پاکستان کے تمام دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے یہ قوم یکجان ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ اس موقع پروزیر اعظم محمد نواز شریف نے اُن لوگوں کی قربانیوں اور جذبۂ ایثار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اِس جنگ میں اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، زخمی ہوئے، اپنے گھر بار چھوڑے اور مالی اور معاشی نقصانات برداشت کیے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اُن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور افواج عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اور بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اُٹھا رہی ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy