وزیراعظم محمد نواز شریف کا عیدالاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

Published on September 25, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 323)      No Comments

index
اسلام آباد(یواین پی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم کی عیدالاضحی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی اپنے آپ کو اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے، افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے ، یہی وہ جذبہ ہے جو قوموں کو آگے لے کر جاتا ہے۔ ہمیں ذاتی ، مسلکی ، گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر انتہا پسندانہ رویّوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا، اگر ہم اپنے جذبۂ ایثار وقربانی کو صحیح مقاصد کے لیے وقف کر دیں تو پھر وطنِ عزیز میں ہم آہنگی، رواداری، اخوت ، برداشت اور میانہ روی کے احساسات کو فروغ ملے گا۔قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں عیدالاضحی کے پُر مسرت موقع پر تمام اہل وطن اور مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر اس مبارک موقع کی سعادت بخشی۔ میں اللہ تعالیٰ سے دُعا کرتا ہوں کہ آپ سب کی زندگی میں اس طرح کی خوشی کے مواقع بار بار آتے رہیں ، آمین۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے ۔ آج کے دن ان عظیم شخصیتوں نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی ۔ اسلام نے قربانی کی صورت میں اطاعت اور تسلیم و رضا کی اس روشن اور اعلیٰ مثال کی پیروی کو جسے ہم سنتِ ابراہیمی کہتے ہیں ، قیامت تک صاحبِ استطاعت مسلمانوں پر لازم قرار دے دیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ قربانی اپنے آپ کو اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے ۔ جانور کا ذبیحہ تو اس کی ظاہری صورت ہے ، اس کی اصل رُوح ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے ۔ یہی وہ سبق ہے جو قربانی کے ذریعے دیا جاتا ہے ۔ یہی وہ جذبہ ہے جو قوموں کو آگے لے کر جاتا ہے۔ ہمیں ذاتی ، مسلکی ، گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر انتہا پسندانہ رویّوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا اور اپنے جذبۂ ایثار و قربانی کا رُخ ملک و قوم اور ملّتِ اسلامیہ کی ترقی ، یکجہتی کی طرف موڑنا ہو گا۔ یہی اسلامی تعلیمات کی بنیاد ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم اپنے جذبۂ ایثار وقربانی کو صحیح مقاصد کے لیے وقف کر دیں تو پھر وطنِ عزیز میں ہم آہنگی، رواداری، اخوت ، برداشت اور میانہ روی کے احساسات کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عیدالاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار فرمائے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی رُوح کے مطابق سمجھنے اور اس کے اندر پوشیدہ جذبۂ ایثار وقربانی پر صحیح طریقہ سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy