پاکستان بھر میں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 105ہوگئی

Published on October 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 522)      No Comments

images
لوگ گھروں اور دفاتر سے کلمہ شریف کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے،
دو بجکر نو منٹ پر آنے والے زلزلہ کی شدت محکمہ موسمیات کے مطابق 8.1تھی
زلزلہ کا مرکز افغان صوبہ بدخشاں میں کوہ ہندوکش کے سلسلہ میں فیض آباد سے 82کلومیٹر جنوب مشرق میں 196کلومیٹرگہرائی میں تھا
زلزلہ کے فوراً بعد وزیراعظم نے تمام وفاقی وصوبائی متعلقہ اداروں اور محکموں کو متحرک کر دیا
آرڈرز کا انتظار نہ کریں اور فوری امدا دکے لئے متاثرین کے پاس پہنچیں، آرمی چیف کا فوج کو حکم جاری
آئندہ 24گھنٹوں میں زلزلہ کے آفٹر شاکس آسکتے ہیں، عوام محتاط رہیں، این ڈی ایم اے
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا افسوس کا اظہار،افغانستان اور پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی
اسلام آباد/کابل/نئی دہلی(یو این پی)پاکستان ، بھارت افغانستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کوپیر کی سہ پہر شدید زلزلے کے جھٹکوں نے ہلاکر رکھ دیا اور لوگ گھروں اور دفاتر سے کلمہ شریف کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے، دو بجکر نو منٹ پر آنے والے زلزلہ کی شدت پاکستان کی محکمہ موسمیات نے 8.1جبکہ امریکی محکمہ زلزلہ پیمائی نے 7.7بتائی ہے اور اس کا مرکز افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں کوہ ہندوکش کے سلسلہ میں فیض آباد سے 82کلومیٹر جنوب مشرق میں 196کلومیٹرگہرائی میں تھا،پاکستان بھر میں تازہ اطلاعات کے مطابق زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 105کے قریب جبکہ زخمیوں کی تعداد میں سینکڑوں تک پہنچ گئی ہے اور سب سے زیادہ صوبہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا ہے،زلزلہ کے فوراً بعد وزیراعظم نواز شریف نے تمام وفاقی وصوبائی متعلقہ اداروں اور محکموں کو متحرک کر دیا جبکہ آرمی چیف نے بھی فوج کو ہدایت جاری کی کہ وہ آرڈرز کا انتظار نہ کریں اور فوری امدا دکے لئے متاثرین کے پاس پہنچیں، کورکمانڈر راولپنڈی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے روانہ ہوگئے، این ڈی ایم اے نے آئندہ 24گھنٹوں میں زلزلہ کے آفٹر شاکس کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ نقصانات سے بچنے کے لئے خصوصی انتظامات پر توجہ دیں جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان اور پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق افغانستان ، پاکستان اور بھارت میں پیر کی سہ پہر دو بجکر 9منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کا مرکز افغانستان کے شمال مشرقی علاقے ہندوکش پہاڑی سلسلے میں 196 کلومیٹر زیر زمین بتایا گیا ہے۔امریکہ کے جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 7.5 بتائی ہے جب کہ پاکستان موسمیاتی ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.1 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے بعد لوگ خوف ہراس کے باعث دفاتر اور گھروں سے نکل آئے۔وزیراعظم نواز شریف نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ متحرک ہو کر باہر نکلیں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔زلزلہ کے شدید جھٹکے ملک بھر میں محسوس کئے گئے جس سے مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ گلگت بلتسان کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ہنزہ اور نگر کے علاقے میں زلزلے کے بعد مٹی کے تودے گرے ہیں۔ابھی تک ایک بچی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ علاقے کا جائزہ لینے کے لیے فوج کی ہیلی کاپٹر منگوائے جا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے مطابق زلزلے کے بعد فوج، اور ہیلی کاپٹر حرکت میں آگئے ہیں جبکہ سی ایم ایچ ہسپتال اور ماہر امدادی کارکنوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔شمالی علاقے چترال میں بھی کئی مکانات کے زمین بوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کی وجہ سے درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان، بھارت اور افغانستان میں سب کی خیریت کی دعا کرتے ہیں اور ہم، پاکستان اور افغانستان سمیت ہر جگہ مدد کے لیے تیار ہیں۔الپائین کلب آف پاکستان کے مطابق التر پیک پر زلزلے سے پہاڑی تودہ گرا ہے لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ہلالِ احمر پاکستان کے ترجمان خالد بن مجید کے مطابق مظفر آباد کے علاقے گوجرہ میں زلزلے سے 15 مکانات تباہ ہوئے ہیں۔نیم قبائلی علاقے باجوڑ میں زلزلے سے کئی مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں اور 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔زلزلے کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے سرینگر میں بعض ٹیلی فون سروسز متاثر ہوئی ہیں۔پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ فوجی دستوں کو متحرک کر دیا گیا ہے، تمام کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ زلزلے میں استعمال ہونے والی خصوصی مشینری کو بھی ضرورت کے وقت استعمال میں لانے کے لئے تیار کیا جا رہا ہے اور ہیلی کاپٹر بھی وقت پڑنے پر استعمال کے لیے تیار ہیں۔زلزلہ کے بعد نئی دہلی میں میٹرو سروس تھوڑی دیر کے لئے معطل کر دی گئی تاہم بعد میں سست رفتاری کے ساتھ ریل سروس جاری کر دی گئی۔مقامی خاتون مسز طاہر نے میڈیایو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی سے فون پر بات کر رہی تھیں کہ مکان زور زور سے ہلنے لگا۔ ’میں گھبرا کر گھر سے باہر نکالی تو میں نے دیکھا کہ اردگرد کے مکانوں کے افراد بھی گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ زلزلہ بہت شدید تھا۔بھارت کے شمال مشرق میں ریاست اتر پردیش اور بہار کے بعض علاقوں تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکوں کے سبب دارالحکومت دہلی کے کناٹ پلیس علاقے میں بلند و بالا عمارتوں سے افراد نکل کر سڑکوں پر جمع ہوگئے تاہم دہلی سے کسی جانی مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ترجمان ریما زبیری نے بتایا کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر آٹھ اعشاریہ ایک تھی۔ ریما زبیری نے کہا کہ ان کے دفتر نے ملک بھی کے لیے وارننگ جاری کی ہے کہ اس زلزلے کے بعد آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں جس سے لوگوں کو خبردار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان کا مرکزی دفتر صوبائی دفاتر کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لی جا رہی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ہمارے جائزے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 8 اعشاریہ ایک تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے خبردار کیا کہ اس زلزلے کے بعد مزید جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں جس سے لوگوں کو خبردار رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ آٹھ اکتوبر 2005ء کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور ملک کے شمالی علاقوں میں 7.6 شدت کے زلزلے سے 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ 28 ہزار زخمی ہو گئے تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog