مسیحی برادری (آج )کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش سے منائے گی

Published on December 25, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 611)      No Comments

05
لاہور ( یو این پی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش مذہبی تزک و احتشام اور روایتی جذبہ کے ساتھ منائے گی جس کیلئے کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے جہاں مسیحی برادری کے افراد اپنی مذہبی تقریبات کی ادائیگی اور عبادات کریں گے ۔اس موقع پر کئی مرکزی چرچز میں میلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔دنیا بھر کے مسیحی افراد ہر سال 25دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام (یسوع مسیح )کے یوم ولادت کے موقع پر کرسمس کا تہوار انتہائی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ جس میں کرسمس ٹریز اور سانتا کلاز کی تیاریاں بھی کی جاتی ہیں۔اس دن کو یسوع مسیح کی دنیا میں آمد کو امن و خوشی کے دن کی بشارت کی یاد تازہ کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ کیونکہ مسیحی عقیدے کے مطابق یسوع مسیح کا دنیا میں آنا انسان کو نجات کی راہ دکھاتا ہے۔ 24اور 25دسمبر کی درمیانی رات مسیحی برادری کے افراد اپنی عبادت گاہوں میں جمع ہوتے ہیں جہاں اس دن کی یاد تازہ کی جاتی ہے اور مختلف تاریخی واقعات کو چھوٹے چھوٹے ڈراموں کی صورت میں پیش کرکے دہرایا جاتا ہے۔ اس موقع پر معاشرے ملک دنیا بھر کے حکمرانوں اور عوام کی خیر و عافیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں تاکہ دنیا سے جنگ نفرت دہشت گردی جھگڑے ختم ہوں اور تمام انسان خلوص پیار و محبت سے آپس میں مل جل کر رہتے ہوئے امن قائم کریں۔ کرسمس کے اس پرمسرت موقع پر سانتا کلاز کے روپ میں ایک شخص بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کرتا ہے۔ نیز مسیحی اس دن کو بڑا دن یا بڑی عید بھی قرار دیتے ہیں۔حکومت پنجاب نے کرسمس کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں چرچز کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔گرجا گھروں میں مذہبی عبادات کے لئے آنے والے مسیحیوں کو جامع تلاشی اور واک تھرو گیٹس سے گزارنے کے بعد اندر داخل ہونے دیا جائیگا ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme