پاکستان کی فوج چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے تیار ہے،جنرل راحیل شریف

Published on May 18, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 391)      No Comments

images
اسلام آباد/بیجنگ(یوا ین پی)چینی قیادت نے پاکستان کی خودمختاری ،سالمیت ،قومی سلامتی اورترقی کیلئے بھرپورحمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی اوردہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کوسراہاہے،جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز،علاقائی سیکیورٹی سمیت دیگراہم امورزیرغورلائے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دورہ چین کے دوران چین کے وزیراعظم، سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین،چیف آف جنرل سٹاف اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور مشترکہ چیلنجزکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی اور چینی رہنماؤں نے پاک چین دوستی کو سدا بہار اورگہری جڑیں رکھنے والی قراردیتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیاکہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات جاری رہیں گے ۔انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کیلئے مل کرکام کرنے اورخطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔چین کی سیاسی وعسکری قیادت نے یقین دلایا کہ چین پاکستان کی خود مختاری ،سالمیت ،قومی سلامتی اورترقی کیلئے بھرپورحمایت کرتا رہے گا۔فریقین نے جنوبی ایشیاء میں امن اوراستحکام کی اہمیت اجاگر کی جبکہ چینی رہنماؤں نے آرمی چیف سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے چیلنجوں کوچین کے چیلنجزقرار دیا۔چینی قیادت نے دہشتگردی کے خلاف بلاامتیازجنگ ،دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے سلسلہ میں پاکستان آرمی کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کواستعداد کار کے فروغ کے سلسلہ میں بھرپورحمایت کابھی یقین دلایا۔ چینی رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کو سراہا انہوں نے کہاکہ سی پیک کی تیزرفتاری سے تکمیل سے پورے خطے میں خوشحالی کاخواب شرمندہ تعبیر ہوجائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme