مضر صحت دہی کھانے سے متاثرہ افراد کی طبی دیکھ بھال کے لئے احمد پور سیال میں فری طبی کیمپ

Published on May 23, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 502)      No Comments

dcgجھنگ ( یواین پی)ضلعی انتظامیہ نے مضر صحت دہی کھانے سے متاثرہ افراد کی طبی دیکھ بھال کے لئے احمد پور سیال کے قریب ان کے گاؤں موضع سمند میں تین دن کے لئے میڈیکل کیمپ قائم کر دیا ہے تاکہ کسی بھی فرد کی صحت سے متعلق شکایات کی صورت میں ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولتیں بہم پہنچائی جا سکیں ۔اس امر کا فیصلہ قائمقام ڈی سی او شوکت علی کچھی نے تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال احمد پور سیال میں جا کر مضر صحت دہی کھانے سے قے اور پیچس کی بیماری میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے کیا جو قائم مقام کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلمان غنی کی ہدایت پر فوری احمد پور سیال پہنچے تھے ۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس ‘ اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قائمقام ڈی سی او نے ضلعی انتظامیہ کی کارروائی سے متعلق بتایا کہ مضر صحت دہی فروخت کرنے والے عمران شاہ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف تھانہ احمد پور سیال میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے اور استعمال ہونے والے دہی کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کے لیبارٹری بھیج دئیے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کے ہسپتال رجوع کرنے پر انہیں بروقت بہترین طبی امداد فراہم کی گئی اور اب تک تمام مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں ۔اس موقع پر قائم مقام ڈی سی او کو بتایا گیا کہ مضرصحت دہی کھانے سے موضع سمند کے رہائشی 48افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے بیشتر افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال سے فارغ کر دیاگیا۔ بعدازاں قائمقام ڈی سی او شوکت کچھی نے موضع سمند کا دورہ کرکے وہاں کے مکینوں سے ملاقات کی اور مضر صحت دہی سے متاثر ہونے کے واقعہ سے متعلق تفصیلات دریافت کیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ متاثر افراد کے علاج کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں ‘ادویات اور دیگر وسائل کو فوری متحرک کر دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز و سٹاف ‘ ادویات ‘ ایمبولینس گاڑی اور دیگر طبی سہولیات کے ہمراہ تین دن تک موضع سمند میں رہیں گے تاکہ بعدازاں اگر کسی کو پیٹ کی بیماری کی شکایت ہو تو اس کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes