فلم نگر کی خبریں یواین پی ڈیسک سے

Published on November 27, 2013 by    ·(TOTAL VIEWS 435)      No Comments

\"SB\"

پی ٹی وی کو ایسے پروگرام دکھانا چاہئیں جن سے دہشت گردی ‘صوبائی تعصب و نفرت میں کمی ہو۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات
لاہور (یواین پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے پاکستانی ٹیلی ویژن کی 49ویں سالگرہ پر براہ راست پروگرام میں کہا کہ ان کی بھر پور دعائیں اور تعاون ادارے کے سا تھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو ایسے پروگرام دکھانا چاہییں جن سے دہشت گردی ‘صوبائی نفرت و تعصب میں کمی ہو اور ان میں تفریح کے حوالے سے بھر پور مواد ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی نے ماضی میں طویل عرصہ تک بہت اچھے پروگرام پیش کیے اور ملکی وحدت ‘حب الوطنی اور صوبوں کے درمیان محبتوں کو فروغ دیا۔

روایتی طرز کی فلمیں بننی چاہئیں۔ اجے دیوگن
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن روایتی طرزکی فلموں کے دلدادہ نکلے۔ اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں روایتی طرز کی فلمیں پسند ہیں یہ سبق آموز ہوتی ہیں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ہر ممالک کی روایات اور معاشرتی برائیوں کو اجاگر ہونا چاہئے تاکہ ان برائیوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے اور اچھی روایات کوفروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی فلمیں انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہوتی ہیں اور مداحوں کو زیادہ محظوظ کرتی ہیں اس طرز کی فلموں سے نہ صرف فلم انڈسٹری کی ترقی ہو گی بلکہ اس میں تبدیلی بھی رونما ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اہم موضوعات پر مبنی کہانیوں پر فلم بنانا سود مند ثابت ہو گا وہ بالی ووڈ انڈسٹری کی مزید کامیابی کے متمنی ہیں۔

’’ ویلکم بیک‘‘ میں اداکار نصیر الدین اور اداکارہ ڈمپل کباڈیہ کاسٹ
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ فلمساز انجان دتہ نے اپنی نئی فلم ’’ویلکم بیک‘‘ میں اداکار نصیر الدین شاہ اور اداکارہ ڈمپل کباڈیہ کو کاسٹ کر لیا۔ انجان دتہ اپنی نئی فلم میں اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کو کاسٹ کرنے کے متمنی رہے تاہم ان اداکاروں کی فلمی مصروفیات کی وجہ سے انہوں نے ان اہم کرداروں میں اداکار نصیر الدین شاہ اور اداکارہ ڈمپل کباڈیہ کو کاسٹ کر لیا۔ نصیر الدین شاہ فلم میں فیروز خان کا ادا کیا ہوا آر ڈی ایکس کا کردار نبھائیں گے جبکہ ڈمپل بھی فلم میں اہم کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں انیل کپور اور نانا پاٹیکر شامل ہیں یہ اداکار فلم ویلکم کا بھی حصہ تھے۔ فلم کی عکسبندی کا آغاز ہو چکا ہے

ریڈیو پاکستان لاہور کی 76ویں سالگرہ کی تیاریا ں شروع
لاہور (یواین پی)ریڈیو پاکستان لاہور کی 76ویں سالگرہ کی تیاریا ں شروع کر دی گئیں ۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ثمینہ پرویز کو سالگرہ کی خصوصی تقریب کے حوالے سے تفصیلات روا نہ کر دی گئیں ہیں۔سالگرہ پر 3گھنٹے کی تقریب پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ لاہور میں ہونے والی اس تقریب کے متوقع مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ہونگے۔

بھارتی فلموں کی نمائش کے خلاف مہم چلانے والے تاحال کوئی فلم شروع نہ کر سکے
لاہور (یواین پی) بھارتی فلموں کی نمائش کے خلاف مہم چلانے والے خود تاحال کوئی فلم شروع نہیں کر سکے۔ پا کستا نی فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان میں ہدایت کار اسلم ڈار‘داؤد بٹ ‘اقبال کشمیری ‘الطاف حسین‘فلمساز حاجی شیرا ‘میاں خالد فیروز ‘جمشید نقوی ‘الطاف قمر ‘ناصر ادیب اورسنگیتا سمیت دیگر بہت سے بڑے فلمساز و ہدایت کار شامل ہیں۔ان نامور لوگوں کے اخباری بیانات کی وجہ سے جدید سینما مالکان تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ اگر مقامی فلموں میں تیزی نہ آئی تو سینما مالکان کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

پی ٹی وی کا نیا سال گولڈن جوبلی سال ہو گا
لاہور (یواین پی)پی ٹی وی کا نیا سال2014ء گولڈن جوبلی سال ہو گا۔اس سلسلے میں پی ٹی وی کے پانچوں سنٹرز سے متعدد ایسے پروگرامز ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے جن میں ماضی کے یادگار اور ہٹ پروگرامز شامل ہوں گے۔ان پروگرامز کے ذریعے موجودہ نسل کو پی ٹی وی کے شاندار ماضی سے متعارف کرایا جائے گا۔

پی ٹی وی ایک مر تبہ پھر پوری آب و تاب سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایا ں نظر آئے گا۔مصطفی کمال قاضی
لاہور (یواین پی)پی ٹی وی کے ایم ڈی مصطفی کمال قاضی نے کہاہے کہ ادارے کی 49ویں سالگرہ کے موقع پر ہم متعدد مسائل سے دوچار ہیں لیکن یہ جلد دور ہو جائیں گے۔وہ پی ٹی وی کی سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد پی ٹی وی ہوم کی خصوصی نشریات میں بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ایک مرتبہ پھر پی ٹی وی پوری آب و تاب سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایا ں نظر آئے گا۔۔اس پروگرام میں اداکار و کمپیئر فرح حسین اور توثیق حیدر نے انتہائی خوبصورت میزبانی کے فرائض ادا کئے۔

پریانکا چوپڑا کا پہلا ہالی ووڈ گانا فلم لاس ویگاس کیلئے حتمی انتخاب سے آوٹ
لاس اینجلس (یواین پی) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا پہلا ہالی ووڈ گانا فلم لاس ویگاس کیلئے حتمی انتخاب سے باہر نکل گیا۔ پرینکا کا گانا ان مائی سٹی کو دوسرے چند گانوں کے ساتھ فلم لاسٹ ویگاس کے ٹائٹل سانگ کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا تاہم تازہ اطلاع کے مطابق فلم کے پروڈیوسرز پریانکا کے گانے سے کچھ خاص متاثر نہیں ہو پائے اور اس لئے گانے کو حتمی انتخاب سے باہر کر دیا گیا۔ فلم لاس ویگاس کی کاسٹ میں بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستارے اکھٹے نظر آئیں گے جن میں مائیکل ڈگلس، رابرٹ ڈی ننیرو، مورگن فری مین اور کیون کلاٹن شامل ہیں۔

کرینہ کپور کی ’’ گو ری تیرے پیار میں‘‘ کی کامیابی کیلئے گولڈن ٹیمپل میں حاضری
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اپنی فلم’’ گو ری تیرے پیار میں‘‘ کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا مانگنے کیلئے سکھوں کی سب سے بڑی گور والے گولڈن ٹیمپل گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور کی فلم’’ گوری تیرے پیارے میں‘‘ گذشتہ ہفتہ ریلیز ہوئی ہے۔ فلم کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا مانگنے کیلئے خوبرو اداکارہ امرتسر کے سکھوں کے گورداوارے گولڈن ٹیمپل پہنچ گئیں۔ 33 سالہ اداکارہ نے سبز شلوارقمیض اور لال دوپٹہ سر پر اوڑھ رکھا تھا۔ بعد ازاں انہیں امرتسر کے ایئر پورٹ کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا اداکارہ نے جینز اور نسواری جیکٹ پہن رکھی تھی۔

سدھیر مشرا کا اداکار فرحان اختر کے ساتھ کام کی خواہش کا اظہار
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ ہدایتکار و اداکار سدھیر مشرا نے اداکار فرحان اختر کے ساتھ کام کی خواہش ظاہر کر دی۔ ہدایتکار سدھیر مشرا جنہوں نے حال میں اپنی ہی فلموں ’’رات گئی بات گئی‘‘ اور ’’ٹریفک سگنل‘‘ میں ہدایتکاری کے ساتھ اداکاری بھی کی ہے، نے اداکار فرحان اختر کی فلم ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘ میں دیکھ کر ان کے ساتھ مستقبل میں فلم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سدھیر مشرا کا کہنا ہے کہ فرحان اختر میں ایک بہترین اداکار موجود ہے ان جیسی زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ انہوں نے آج تک نہیں دیکھا اور وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ابھی وہ فلم ’’دھروو‘‘ کی عکسبندی میں مصروف ہیں جس میں اداکار فرحان اختر تو موجود نہیں لیکن وہ اپنی نئی فلم میں اداکار فرحان اختر کو کام کی ضرور پیشکش کریں گے۔ فلم ’’تھروو‘‘ کی عکسبندی جلد ہی مکمل کر لی جائے گی۔

نظم و ضبط کامیابی کی کنجی ہے۔شلپا شیٹھی
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے کہا ہے کہ نظم و ضبط کامیابی کی کنجی ہے۔ دھڑکن سے شہرت یافتہ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی، جنہوں نے حال ہی میں اپنی فٹنس ڈی وی ڈی بھی لانچ کی ہے، نے کہا کہ زندگی میں نظم و ضبط ہونا بے حد ضروری ہے۔ یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ ان کے نزدیک صحت مند طرز زندگی ہونا بے حد ضروری ہے اس سے صحت بہتر رہتی ہے آپ فٹ رہتے ہو اور کام بھی صحیح دھیان سے کر کے کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے مداحوں کو جلدی اٹھنے اور سونے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو نشہ آور اشیاء سے گریز کرنا چاہئے اگر آپ روزانہ یوگا نہیں کرتے تو روزانہ صبح سویرے واک کو معمول بنانا چاہئے۔ اس سے صحت بہتر رہتی ہے اور آپ ہر شعبہ میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

’’رام لیلہ‘‘ ریلیز کے دس دنوں میں 100 کروڑ روپے کا بزنس حاصل کرنے والی فلموں کے کلب میں شامل
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ فلمساز سنجے لیلہ بنسالی کی فلم ’’رام لیلہ‘‘ ریلیز کے دس دنوں میں 100 کروڑ روپے کا بزنس حاصل کرنے والی فلموں کے کلب میں شامل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق فلمساز سنجے لیلہ بنسالی کی فلم رام لیلہ نے ریلیز کے پہلے 10 دنوں میں ہی 100 کروڑ کا بزنس کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔ فلم باکس آفس پر دھوم مچا چکی ہے۔ فلم جس کی اہم کاسٹ میں اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون شامل ہیں آئندہ ہفتوں میں فلم کے مزید بزنس کرنے کا امکان ہے۔ مداحوں میں فلم کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے اور متوقع ہے کہ آئندہ ہفتوں میں فلم بینوں کا رش مزید بڑھ جائے گا۔

ایشا دیول نے ’’گائتری منتر‘‘ اور ’’اوم‘‘ کا ٹیٹو کھدوا لیا
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ اداکارہ ایشا دیول نے جسم پر ’’گائتری منتر‘‘ اور ’’اوم‘‘ کا ٹیٹو کھدوا لیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ ایشا دیول پر بھی ٹیٹو بنوانے کا بھوت سوار ہوا اور انہوں نے جسم پر دو ٹیٹو کھدوا لئے۔ انہوں نے گائتری منتر اور اوم کا ٹیٹو کھدوایا ہے۔ اداکارہ ایشا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ شوق ان میں ان کے سوتیلے بھائی سنی دیول کی وجہ سے آیا۔ وہ بھی ٹیٹوز بنوانے کے دیوانے ہیں۔ اداکارہ نے سنی دیول کی فلم صاحب بیوی اور گینگسٹر کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ فلم زبردست موضوع پر بنائی گئی اور ان کے بھائی سنی نے فلم میں اعلیٰ پرفارمنس دی ہے۔ اداکارہ ایشا سنی دیول کے والد دھرمیندر کی دوسری بیوی ہیما مالنی کی بیٹی ہیں۔

’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ کی کہانی مختلف ہے۔ہما قریشی
ممبئی (یواین پی) بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی نے کہا ہے کہ فلم ’’عشقیہ‘‘ کے سلسلے کی دوسری فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ کی کہانی مختلف ہے۔ اداکارہ ہما قریشی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ جو کہ فلم ’’عشقیہ‘‘ کے سلسلے کی دوسری فلم ہے کی کہانی پہلی فلم سے ہٹ کر ہے، یہ کامیڈی فلم ہو گی۔ فلم کی ہدایات ابھیشک چوبے نے دی ہے فلم کی کاسٹ میں اداکارہ مادھوری ڈکشٹ، اداکار نصیر الدین شاہ اور اداکار ارشد وارثی شامل ہیں۔ اداکارہ نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ان کا کردار انتہائی دلچسپ ہے یہ معیاری فلم ثابت ہو گی اور مداحوں کو محظوظ کرے گی۔ فلم میں اداکارہ نے نصیر الدین شاہ اور مادھوری کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ اتنے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کا موقع ملا۔ فلم کی عکسبندی جلد ہی مکمل کر لی جائے گی۔

سیف اور سوناکشی کی فلم’بلٹ راجا‘کے نئے ڈائیلاگ پروموز جاری
ممبئی (یواین پی) پٹودی کے نواب سیف علی خان اب دبنگ گرل سوناکشی کیساتھ، بالی ووڈ میں نئی جوڑی متعارف کرواتی گینگسٹر تھرلر فلم\”بلٹ راجا\”کے ٹریلر اور گانوں کے بعد فلم کے ڈائیلاگ پروموز جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔رائٹر و ہدایتکار تگمانشو دھولیا کی اس فلم میں سیف اور سوناکشی ایک دوسرے کے مد مقابل بطور ہیرو ہیروئن پہلی مرتبہ جلوہ گر ہورہے ہیں جبکہ جمی شیرگل،روی کشن،چنکی پانڈے،گلشن گروور اور ودیوت جموال بھی اہم کرداروں میں نظر آئینگے۔راہول مترا اور نیتن تیج آہوجا کی پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی اْتر پردیش کے گینگ مافیا اور انڈر ورلڈ کے پس منظر میں گھومتی ہے۔ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم بلٹ راجا فوکس اسٹار اسٹوڈیوز کے تحت رواں سال29نومبر کو سینماگھروں کی زینت بنے گی جسکی موسیقی معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد نے ترتیب دی ہے۔

ہالی وو ڈ ایکشن ہیرو وین ڈیم پہلی بار کامیڈی کردار میں جلوہ گر ہونگے
ہالی ووڈ(یواین پی) ہالی ووڈ کے معروف اداکاروین ڈیم ایکشن کے بعداب پہلی بار کامیڈی کردار میں نظر آئینگے ،اس سلسلے میں طنز و مذاح سے بھرپور نئی فلم’ویلکم ٹو دی جنگل‘کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔روب میلٹزر کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے ایسے آفس ورکرزکے گرد گھومتی ہے جن کا جہاز دوران سفر خرابی کا شکار ہو جاتا ہے اورتمام افراد ایک ویران جزیرے پر پہنچ جاتے ہیں۔ رابرٹ بیون اور مارک فیلڈس ٹین کی مشترکہ طور پر پروڈس کردہ اس فلم میں مرکزی کردار نامور ایکشن ہیرو وین ڈیم نے نبھایا ہے ان کے علاوہ دیگر کاسٹ میں ایڈم بروڈی، روب ہوئیبیل، کرسٹین، میگن بون اور ڈینس ہیس برڈ شامل ہیں۔ اپنے آپ کو سب سے زیادہ عقلمند ثابت کرنے کی کوشش میں بے وقوفانہ حرکات کرتے افراد پر مبنی اس کامیڈ ی فلم کو آئندہ برس7فروری کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائیگا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog