قبر اندھیری میں امدا د میری کرنے آجانا ’’رسول اللہﷺ‘‘’ امجد صابری‘‘ آخری آرا م گاہ میں منتقل

Published on June 23, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 774)      No Comments

1128177-amjadsabri-1466592735-643-640x480
جیسے کلمات سنا کر دلوں کو گرمانے والے قوال و ثناء خوان مصطفیٰﷺ’’ امجد صابری‘‘ کو آخری آرا م گاہ میں منتقل کردیا گیا
پاپوش نگر کے قبرستان میں ہونے والی نماز جنازہ میں ہزاروں سوگواروں کی شرکت ، غم خوار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے
امجد فرید صابری کی میت کو نماز جنازہ کیلئے پاپوش نگر کے قبرستان لایا گیا،
تو تمام راستے عقیدت مند ان کے جنازے کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ،
پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھیں
کراچی(یواین پی )’’میں قبر اندھیری میں گھبراؤں گا جب تنہا۔۔امدا د میری کرنے آجانا رسول اللہﷺ‘‘جیسے کلمات سنا کر دلوں کو گرمانے والے قوال و ثناء خوان مصطفیٰﷺ امجد صابری کو آخری آرا م گاہ میں منتقل کردیا گیا ان کی تدفین کے موقع پر لوگوں کا جم غفیرقبرستان امڈ آیااور مرحوم کا آخری دیدار کیا۔۔نماز جنازہ میں غم سے نڈھال ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور آہوں اور سسکیوں میں امجد فرید صابری کو منوں مٹی تلے دفنا دیا گیا ۔امجد فرید صابری کی آخری آرام گاہ ان کے والد اور چچا کی قبروں کے نزدیک ہی بنائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے معروف قوال امجد صابری کی نماز جنازہ لیاقت آباد روڈ پر دربار بابا فرید گنج شکر پاکپتن شریف کے گدی نشین کی امامت میں ادا کی گئی ۔ امجد صابری کی نماز جنازہ پڑھنے کیلئے مداحوں اور عزیز و اقار ب سمیت ہزاروں افراد لیاقت آباد روڈ پر ارم بیکری کے سامنے پہنچے۔یونی ویژن نیوز کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے رینجرز کے جوانوں نے علاقے کا سرچ آپریشن بھی کیا اور وہاں پر موجود رکشوں اور گاڑیوں کو ہٹادیالیکن اس کے باوجود گاڑیوں کی بڑی تعداد وہاں موجود رہی۔مقتول قوال امجد صابری کی نماز جنازہ دوپہر ایک بجے لیاقت آباد روڈ پر ارم بیکری کے سامنے دربار بابا فرید گنج شکر کے گدی نشین احمددیوان مسعود چشتی کی امامت میں ادا کی گئی۔ جنازہ میں انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجود تھا اور ہر آنکھ ہی اشکبار نظر آئی جبکہ بہت ہی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ امجد فرید صابری کی میت کو نماز جنازہ کیلئے پاپوش نگر کے قبرستان میں لایا گیا تو تمام راستے عقیدت مند ان کے جنازے کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔اس کے علاوہ جنازے کے راستے میں آنے والے گھروں کی خواتین اور مرد حضرات بھی میت گزرنے پر دھاڑیں مار مار کر آنسو بہاتے رہے ۔ نماز جنازہ لیاقت آباد نمبر 4کی مین سڑک پر ادا کی گئی ، اس موقع پر دونوں اطراف سے سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا ۔نماز جنازہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس ، سکیورٹی اور حساس اداروں کے جوانوں نے بھی خدمات انجام دیں۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد امجد صابری کی میت کو پاپوش نگر قبرستان میں پیر حیرت شاہ وارثی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا گیا۔ واضح رہے کہ امجد صابری کے والد غلام فرید صابری کی قبر بھی اسی احاطے میں موجود ہے اور امجد صابری کو اپنے والد کے پہلو میں دفن کیا گیا ہے۔ امجد صابری کے قتل پر پوری دنیا میں موجود مداحوں اور اہم شخصیات نے گہرے رنج و غم اور غصہ کا اظہار کیا۔ ان کے مٹی تلے دفن ہونے کے بعد قوالی کا ایک باب بند ہوگیا۔ امجد فرید صابری کو گزشتہ روز گھر سے نکلتے وقت ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ، پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھیں ، اس کے علاوہ امجد فرید صابری کی موت کے سوگ میں لیاقت آباد میں جگہ جگہ سیاہ رنگ کے جھنڈے بھی لہرائے گئے ۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes