عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھتے رہنا چاہئے؛چودھری پرویزالٰہی

Published on July 9, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 337)      No Comments

images
لاہور (یوا ین پی)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھتے رہنا چاہئے، تمام حکومتوں کو چاہئے کہ اس کام میں ایدھی فاؤنڈیشن کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے عبدالستار ایدھی کو ’’خادم اعظم‘‘ کا خطاب دیا ہے جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا، خطاب وہی ہوتا ہے جو قوم دے، کچھ لوگ خود ساختہ خادم اعلیٰ تو بن جاتے ہیں لیکن ان کی خدمت کوئی ہوتی نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسے انسان بہت کم پیدا ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان کو بہت صلاحیتوں سے نوازا تھا، ان کی وفات پر ہر آنکھ اشک بار ہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے اور عبدالستار ایدھی کے درجات کو بلند فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کا جو کام انہوں نے شروع کیا تھا اس کی بدولت ان کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا، ایدھی فاؤنڈیشن کی بڑھ چڑھ کر خدمت کرنی چاہئے تاکہ جو کام وہ چھوڑ گئے ہیں وہ ایسے ہی جاری و ساری رہے جیسا ان کی زندگی میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 1122 سروس شروع کرتے وقت عبدالستار ایدھی سے مشاورت کی تھی اور ایک ایسی سروس قائم کی جسے عالمی اداروں نے بھی سراہا، تمام حکومتوں کو چاہئے کہ زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ایدھی صاحب کی طرح دن رات محنت کریں، جو راستہ انہوں نے دکھایا ہے اس پر نیک نیتی سے چلتے ہوئے وسائل نہ ہوتے ہوئے بھی سارے کام ہو سکتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes