لاہور ابر کرم جم کر برسنے سے ’’ڈوب‘‘ گیا،سینکڑوں فیڈرز ٹرپ،پنجاب اسمبلی چھت بھی ٹپک پڑی

Published on August 25, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 495)      No Comments

Barish
شہرمیں موسلادھار برسات نے گرمی اور حبس کی چھٹی کرادی،
بارش سے موسم تو خوشگوار ہوگیا لیکن سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اور شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا رہا،
لاہورمیں ابر کرم جم کر برسا،رم جھم پھوار سے شروعات ہوئی اور پھرموسلادھار بارش نے ہر طرف جل تھل کردیا،
کسی نے دفتر پہنچنا تھا تو کسی نے دکان پرلیکن تیزبارش نے شہریوں کو مہلت ہی نہ دی اور جو بھی باہر نکلا،بھیگتا چلاگیا،
لاہور میں مسلسل بارش سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، پانی نکالنے والا عملہ موجود تو تھا لیکن موسلادھاربرسات کے آگے وہ بھی بے بس نظر آئے اور پانی سے گذرنے والے شہری حکومت کو کوستے رہے،
کرنٹ لگنے ،چھت گرنے کے واقعات،بچی جاں بحق،4زخمی
خراب موسم کے باعث سو سے زیادہ فیڈر ٹرپ کرگئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی
لاہور (یوا ین پی )لاہور میں جمعرات کو صبح سویرے موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ، مسلسل برستے بادلوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج کراچی، سکھر ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آئندہ 48گھنٹے تک جاری رہے گا۔نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دفاتر اور سکول جانے والوں کو مشکلات پیش آئیں۔ تاہم موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں 80 سے زائد فیڈرز بند ہونے کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔یواین پی کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 رہا۔دوسری طرف شدید بارش کے بعد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔ایوان وزیر اعلیٰ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلٰی محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد سے جلد نکاسی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ عوام کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہیئے۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ، دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔ محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض انجام دیں اور نکاسی آب کا عمل مکمل کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر 90ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔صورتحال کے پیش نظر واسا نے شہر میں ایمر جنسی تو نافذ کردی لیکن انہیں سیلاب کا سا منظر پیش کرتی سڑکوں سے نکاسی آب میں شدید مشکلات کا سامناہے۔بارش کے باعث ایک سوپچاس سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے۔مناواں میں مکان کی چھت گرگئی جس سے ملبے تلے دب کر4افراد زخمی ہوگئے۔ادھر سبزہ زار کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی جس کے ورثا کی تلاش جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں میں سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog