ٹی ٹونٹی، پاکستان کی انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست

Published on September 8, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 541)      No Comments

سیریز کے واحد ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے انگلش ٹیم کو دھو ڈالا0
 گرین شرٹس نے 136 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر ہی حاصل کر لیا، تین شکار کرنے پر وہاب ریاض کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
مانچسٹر(یواین پی) سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی انگلینڈ کی ٹیم پر بھاری پڑ گیا۔ شرجیل خان اور خالد لطیف کی بے رحم بیٹنگ نے انگلش باؤلنگ کے پرخچے اڑا دیئے۔ تقریبا آٹھ کی اوسط سے 136 رنز کا ہدف پاکستانی اوپنرز کے سامنے معمولی بن گیا۔ انگلینڈ کے خلاف دونوں اوپنرز کے درمیان 107 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔ شرجیل خان نے ٹی ٹونٹی کیرئیر کی دوسری نصف سنچری سکور کی۔ ان کی 59 رنز کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ پاکستان نے 15 ویں اوور میں ہدف ایک وکٹ پر ہی عبور کر لیا۔ خالد لطیف 59 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شرجیل خان کی اکلوتی وکٹ عادل رشید کے حصے میں آئی۔اس سے پہلے انگلینڈ کی اننگز کا آغاز ایلکس ہیلز اور جیسن رائے نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے 56 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ جیسن رائے 21 اور ایلکس ہیلز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ 6، جوز بٹلر 16، کپتان ایان مورگن 14 اور بین سٹوکس 4 رنز بنا سکے۔ معین علی 13 سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ انگلش ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 135رنز بنا پائی۔ وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ عماد وسیم اورحسن علی نے دو دو شکار کئے۔ سہیل تنویز نے 35 اور محمد عامر نے 33 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy