نصف صدی سے فنِ موسیقی کی خدمت کرنے والے منفرد فنکار استاد عقیل منظور شدید علیل

Published on November 26, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 594)      No Comments

فن و ثقافت کی خدمت کے دعوے دار سرکاری وغیر سرکاری اداروں کی روایتی بے حسی u
اسلام آباد(یواین پی) نصف صدی سے کلاسیکی موسیقی کے افق پر درخشاں و روشن ستارہ، کلاسیکل و نیم کلاسیکل گائیکی کے ماہر استاد عقیل منظور گذشتہ کئی ماہ سے عارضہء قلب میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصہ وہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرِ علاج رہے۔ استاد عقیل منظور نے گذشتہ پچاس سال میں ریڈیو، ٹیلی ویژن اور فلم کے لیے لاتعداد گیت گائے۔ ان کا اصل میدان کلاسیکل گائیکی ہے اور ان کا شمار ٹھمری گانے والے معدودے چندفنکاروں میں ہوتا ہے۔ استاد عقیل منظور کوکلاسیکی موسیقی کے فن کی بیش بہا خدمات کے اعتراف پرخصوصی اور منفرد امیر خسرو ایوارڈ اورگریجویٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیاہے مگر موسیقی کی طویل عرصے تک خدمت کرنے والا یہ گائیک حکومتی و غیر حکومتی اداروں کی بے حسی کا شکار ہے۔ پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو پاکستان پر سینکڑوں پروگرامز اور نغمات کی موسیقی ترتیب دینے کیساتھ ساتھ اپنی پرسوز آواز میں نغمات،غزلیں اورگیت بھی گائے۔ہونا تو یہ چاہئیے تھا کہ اس منفرد گائیک کوحکومتی سطح پرنہ صرف بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاتیں بلکہ انہیں قدم قدم پر خراج تحسین بھی پیش کیا جاتا کیونکہ استاد عقیل منظور نے موجودہ دور میں بھی کلاسیکی موسیقی کواسکی پوری روایتی اقدار کیساتھ اپنا خون دل دے کر زندہ رکھا ہے جبکہ ہر طرف مغرب زدہ شور شرابے پر مبنی نام نہاد بے ہنگم موسیقی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ مگر کسی حکومتی نمائندے کو توفیق نہیں ہوئی کہ ان کی عیادت کرتا۔اگرچہ نجی سطح پر ان کا بہترین علاج ہو رہا ہے لیکن ثقافتی اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہئیے تھا۔استاد عقیل منظور کی فنی خدمات یقیناًاس بات کی متقاضی ہیں کہ ان کا خیال رکھا جائے۔پاکستان میں فن کے ستاروں کا قحط پڑ چکا ہے، جو اکا دکا باقی ہیں ان کو وہ مقام ملنا چاہئے جو ان کاحق ہے۔یاد رہے کہ موجودہ دور میں جب ہر کوئی مغربی اور جدید موسیقی کے نام پر طبع آزمائی کر رہا ہے ایسے میں استاد عقیل منظورنے اپنے صاحبزادوں احسان علی عقیل،سلمان علی عقیل اور حسنین علی عقیل کے ذریعے کلاسیکی موسیقی کو زندہ رکھنے کا بیڑہ اٹھارکھاہے۔چنانچہ ایسے نابغہ ء روزگار فنکار کی ہر سطح پر پذیرائی اور سرپرستی کی جانی چاہئے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy