حویلیاں میں مسافرطیارہ گرکر تباہ، جنید جمشید سمیت 47 افراد جاں بحق

Published on December 8, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 713)      No Comments

111
ایبٹ آباد (یواین پی) چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی جس سے معروف نعت خواں جنید جمشید، ان کی اہلیہ، ڈپٹی کمشنر چترال، ان کی اہلیہ، بیٹی اور3 غیرملکیوں سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا کے مطابق چترال سے اسلام آباد جانے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ اے ٹی آر42 شام 3 بج کر 30 منٹ پر چترال سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔ طیارے میں معروف نعت خواں جنید جمشید، انکی اہلیہ نیہا جمشید، ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ وڑائچ، انکی اہلیہ، بیٹی اور 3 غیرملکیوں سمیت 42 مسافر اور عملے کے 5 افراد پائلٹ صالح جنجوعہ، معاون پائلٹ احمد جنجوعہ، ٹرینی پائلٹ علی اکرم، فضائی میزبان صدف فاروق اور عاصمہ عادل سوار تھے جبکہ پائلٹ اور معاون پائلٹ آپس میں بھائی تھے۔اطلاعات  کے مطابق طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا، طیارے میں مجموعی طور پر 31 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے بھی سوار تھے جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اہلیہ کے ہمراہ تھے جب کہ ڈپٹی کمشنر چترال ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل تھی۔ چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ تمام لاشوں کو پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی شناخت کی جائے گی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes