بلاول خود کو وزیر اعظم ، والد کو صدر بنانا چاہتے ہیں ،رانا تنویر

Published on December 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 306)      No Comments

5

لاہور (یو این پی)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابات تک یو ٹرن کی سنچری کر لیں گے ، اپوزیشن کو پتہ ہے پاناما کیس میں کچھ نہیں ہے ، سیاسی ایشو کے طور پر اپوزیشن پاناما لیکس کو زندہ رکھنا چاہتی ہے ۔ بدھ کو لاہور میں نجی یونیورسٹی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پاناما کیس دم توڑ چکا ہے ، عمران اکھڑ پن میں فیصلے کرتے ہیں اور انتخابات تک یوٹرن لیتے رہے ہیں ۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، بلاول خود وزیر اعظم باپ کو صدر بنانا چاہتے ہیں ، پھوپھی کو بھی کوئی عہدہ دے دیں ۔ رانا تنویر نے کہا کہ پاک بھارت سرحدوں پر کشیدگی پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے ، طاہر القادری سرحدوں کی کشیدگی پر خرافات بول رہے ہیں ۔ اس حوالے سے رانا تنویر حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ رانا تنویر حسین بلاول بھٹو پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے اپنا جائزہ لیں ، وہ خود جب سیاست میں آئے تھے تو کہاں سے چلے تھے اور اب کہاں آگئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھی سب کی داستانیں موجود ہیں ، ن لیگ کے اپنے رہنما خود کرپشن میں ملوث ہیں یہ ہمارے منہ نہ کھلوائیں ورنہ بات بہت دور تک جائے گی ۔ اسی حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہم کرپشن میں ڈوبی ہوئی حکومت کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنگ ہر جگہ جاری رہے گی اور ہم قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو ہر حال میں واپس لائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کر دیا ہے اور قوم کا بچہ بچہ حکمرانوں کی کرپشن سے واقف ہوچکا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes