نئے سال کا آغاز سب سے پہلے کہاں ہوا؟۔

Published on December 31, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 529)      No Comments


آکلینڈ (یو این پی)نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ دنیا کا وہ پہلا بڑا شہر ہے، جہاں نئے سال 2017 کو خوش آمدید اور ماضی کا قصہ بن جانے والے سال 2016 کو الوداع کیا گیا۔ نئے سال کو مسکراہٹوں اور امیدوں سے خوش آمدید کہنے کے لیے ہزاروں شہری آکلینڈ کے معروف سٹی ٹاور پر جمع ہوئے جہاں سال کا آغاز ہوتے ہی آسمان کو چھونے والی آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے نیوزی لینڈ میں ایک ہزار 80 فٹ تک بلند آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا، نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے آکلینڈ میں دنیا کے دیگر ممالک سے بھی لوگ آتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں نئے سال کا آغاز ہونے کے ساتھ ساتھ بحرالکاحل کے اوقیانوسی خطے کے جزائر میں بھی نئے سال کا آغاز ہوا، اس خطے میں سب سے پہلے سال کا اختتام اور نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ بحرالکاحل کے جزائر پولینیشیا، سامووا، ٹونگا اور کیریباتی سمیت پیسفک آئی لینڈ کے دیگر چھوٹے جزائرمیں بھی دیگر دنیا سے پہلے نئے سال کا آغاز ہوا۔ بحرالکاحل کے بعد سال 2017 کا آغاز آسٹریلیا میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوا، سڈنی میں مقامی وقت کے 12 بجتے ہی سال نو کی تقریبات کا آغاز کردیا گیا۔ سڈنی کے ہاربر برج پر سال نو کی شاندار آتش بازی کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ موجود تھے، رنگا رنگ آتش بازی کا مظاہرہ دیر تک جاری رہا۔ سال نو کی تقریبات کے لیے ہاربر برج پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے 2 ہزار سے زائد اضافی پولیس اہلکار مقرر کیے گئے جب کہ سال نو کی تقریبات میں کسی بھی بھاری گاڑی کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ آسٹریلیا میں سال نو کی تقریبات دیکھنے کے لیے بھی دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں، یہاں ہونے والی آتشبازی دنیا کی بڑی آتشبازیوں میں شمار کی جاتی ہے۔ سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے امریکا،جرمنی، برطانیہ، فرانس، روس، آسٹریلیا، اسپین، بیلجیم، کینیڈا اور ترکی جیسے ممالک میں سال نو کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات دیکھنے میں آئے ۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme