کھادپر اعلان کردہ سبسڈی واپس لینے کے فیصلے پر احتجاج کریں گے،خورشید شاہ

Published on January 12, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 313)      No Comments

3
اسلام آباد(یوا ین پی)پیپلزپارٹی نے حکومت کی جانب سے کھادپر اعلان کردہ سبسڈی واپس لینے کے فیصلے پر احتجاج کی دھمکی دیدی،اس سے زیادہ کسان دشمن حکومت اور کوئی نہیں ہوسکتی، کسانوں پر ظلم کے خلاف احتجاج کریں گے۔اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومت جب بحران میں آتی ہے تواعلانات شروع کردیتی ہے۔وزیراعظم نے کسانوں کیلئے تین سوچالیس ارب روپے کی سبسڈی کااعلان کیاتھامگروزیراعظم نے کھادپر سبسڈی اچانک ختم کردی ہے۔خورشید شاہ کاکہنا تھاکہ پاکستان میں کپاس کے کاشتکاروں کے خلاف بہت ظلم کیا گیا ہے، کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔حکومت نے کھاد پرسبسڈی بحال نہ کی تو پارلیمنٹ کے باہر تمام ارکان اسمبلی احتجاج کریں گے اور کسان مخالف حکومتی پالیسیوں پر دھرنا بھی دیں گے۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے صنعتکاروں کو دیا گیا پیکیج انتخابی دھاندلی کا آغاز ہے۔ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا تمام انفراسٹرکچر ختم ہوچکا مگر بڑے بڑے دعوے کیئے جارہے ہیں۔ دو سو ارب روپے اورنج ٹرین پر خرچ کررہے ہیں جبکہ ریلوے حادثات میں 200 جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے بلاول سے مشاورت کی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے سترہ جنوری کو تفصیلات فراہم کرنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیں گے، تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes