شاہینوں کی اڑنے کی کوشش، کینگروز نے پر’’ نوچ ڈالے‘‘ 86 رنز سے شکست

Published on January 22, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 608)      No Comments

11
سڈنی(یوا ین پی) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 86 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن انجری کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے والے کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان نے 47 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز بنائے اور ایڈم زمپا کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 40 گیندوں پر 40 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 47 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔یوا ین پی کے مطابق شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پاکستان کی پوری ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا ، عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی اور 119 گیندوں پر 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے بھی 49 رنز بنائے۔پاکستانی فیلڈرز نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اضافی رنز دیئے اور 5 اہم کیچز بھی ڈراپ کئے، 2 کیچ حسن علی نے، 2 شرجیل خان نے اور ایک جنید خان نے ڈراپ کیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر برق رفتار 51 رنز جوڑے، عامر کی گیند پر شعیب ملک نے ان کا کیچ لیا۔ گلین میکس ویل نے 44 گیندوں پر 78 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور انتہائی ذمہ دارانہ اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 92 کے مجموعی سکور پر گری اور عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ امید تھی کہ پہلی وکٹ ملنے پر پاکستانی باؤلرز کا مورال بلند ہو گا اور آسٹریلوی بلے باز محتاط، مگر ڈیوڈ وارنر کے ارادے کچھ اور ہی تھے، انہوں نے فاسٹ اور سپنرز، دونوں کو ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے بس کر دیا اور گرا?نڈ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیل کر سنچری مکمل کی۔انہوں نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 120 رنز جوڑ کر مجموعی سکور بھی 212 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر وہ 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سٹیو سمتھ کو میدان میں آتے ہی اس وقت نئی زندگی ملی جب شرجیل خان نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا، اس کے بعد وہ کسی کے ہاتھ نہ آئے اور 49 رنز بنا ڈالے تاہم ایک سکور کی کمی سے نصف سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔رہی سہی کسر ٹریوس ہیڈ اور گلین میکس ویل نے نکال دی اور دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کے ’’آنسو ‘‘ نکلوا دئیے۔ ٹریوس ہیڈ نے صرف 36 گیندیں کھیل کر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ گلین میکس ویل نے 78 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 10 چوکے بھی شامل ہیں۔ میتھیو ویڈ نے بھی 5 رنز بنائے۔ پاکستانی فیلڈرز نے بھی آسٹریلوی بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی میں ’’ہاتھ بٹایا‘‘ اور 5 کیچ ڈراپ کر کے انہیں پہاڑ جیسا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کے باؤلنگ اٹیک نے انتہائی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی بلے بازوں کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو گیا۔ 2 سال بعد تباہ کن باؤلنگ کے ذریعے واپسی کرنے والے جنید خان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 82 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔ محمد عامر دوسرے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 75 رنز دئیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد حفیظ نے 9 اوورز میں 54 رنز دے ڈالے جبکہ عماد وسیم نے 69 رنز دئیے۔ حسن علی کی کارکردگی قدرے بہتر رہی جنہوں نے 52 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy