اسلام آباد(یو این پی) پیمرا نے بول ٹی وی کے اینکر عامر لیاقت پر پابندی عائد کردی ہے۔اس پابندی کا اطلاق فوری طورپر ہوگا۔پیمرا نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے خلاف شکایات کا نوٹس لے لیا ہے۔پیمرا نے بول نیوز پر نشرہونے والے پروگرام ایسے نہیں چلے گا پر پابندی لگانے کےعلاوہ ڈاکٹر عامر لیاقت پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ان پر پابندی پیمرا کے ترمیمی ایکٹ 2007 کی دفعہ 27 کے تحت عائد کی گئی ہے۔ پیمرا کا کہنا ہےکہ یہ اقدام کئی ہفتوں کی مسلسل نگرانی کے بعد کیا گیاہے۔پیمرا کی جانب سے بول نیوز کی انتظامیہ کو جو مراسلہ بھیجا گیاہےاس کےبعد ڈاکٹر عامر کسی نئے یا نشر مکرر پروگرام میں بطور میزبان ،مہمان، تبصرہ
نگار،رپورٹر،ایکٹر،اینکرپرسن،آڈیو یا ویڈیو بیپر یا کسی بھی حیثیت سے شرکت نہیں کرسکیں گے۔فیصلے میں مزید یہ بھی کہا گیاہےکہ اگر یہ پروگرام یا عامر لیاقت دوبارہ اس چینل پر نظر آئے تو بول نیوز کی نشریات فوری طورپر بند کردی جائیں گی۔عامر لیاقت پر پابندی اس وقت تک موثر رہے گی جب تک پیمرا اتھارٹی ان کے خلاف شکایات پرمتعلقہ کونسلز کی سفارشات کی روشنی میں کسی حتمی فیصلےپر نہیں پہنچ جاتی۔