امید ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو گی: جائلز کلارک

Published on January 29, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 411)      No Comments

30
لاہور (یو این پی) ایوان وزیر اعلیٰ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی ملاقات میں جائلز کلارک نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی اور آنیوالے دنوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو گی جبکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کےعوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سکیورٹی دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ناسور کو شکست دینے کا پختہ عزم کر چکی ہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریار خان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔بعد ازاں آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ نے چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ اہم بات چیت ہوئی، امید ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کی کوششوں کی قدر کرتا ہوں۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے جائلز کلارک کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes