محبت رسولﷺ و اہل بیت بندہ مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے؛پیر سید محمد حسنین فاروق

Published on February 9, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 352)      No Comments
333
سیالکوٹ(یو این پی)آستانہ عالیہ چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید محمد حسنین فاروق شاہ چوراہی و سجادہ نشین حضرت امیر ملتؒ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ محبت رسولﷺ و اہل بیت بندہ مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے اوریہی وہ لازوال محبت ہے کہ جودنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کاذریعہ ہے ۔نبی رحمتﷺ کی ذات بابرکات نعمت عظمیٰ ہے اور آپﷺ کی محبت ہی کامل ایمان کی نشانی ہے محبت رسولﷺ آج بھی ویران دلوں کو آباد کرتی ہے اور انسان میں حقیقی انسانیت جنم لیتی ہے ۔وہ علی پورسیداں شریف میں پیر سید نذرحسین شاہ جماعتی کے سالانہ عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر ضلعی چیئرمین مشائخ وعلماء کونسل سیالکوٹ پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی القادری ،پیر سید منصورالحسنین شاہ جماعتی ،علامہ مفتی خادم حسین خادم القادری ،ملک مظہر حسین اعوان نقشبندی ،علامہ خلیل احمد نورانی ،احمد رضارضوی ،صوفی محمد عارف بٹ نقشبندی و دیگر بھی موجود تھے۔ پیر صاحب چورہ شریف سید حسنین فاروق شاہ مجددی نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے سلسلے میں حضرت امیر ملت رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں آپؒ نے اپنے لاکھوں مریدین کے ہمراہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا ساتھ دیا اور بانی پاکستان سے کہا کہ آپ اگر پاکستان بنانے کے فیصلے سے دستبردار بھی ہو جائیں تب بھی ہم پاکستان بنا کر ہی دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان ہو یا تحریک ختم نبوت ؐ حضرت امیر ملتؒ نے گرانقدر خدمات سرانجام دی اور قادیانیت کے تابوت میں ایسا کیل ٹھونکا کہ مرزا قادیانی اپنی موت آپ مر گیا۔ عرس کی صدارت سجادہ نشین و جانشین پیر سید منظر حسین شاہ جماعتی نے فرمائی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید اشتیاق حسین جماعتی نے کہا کہ فروغ عشق رسولﷺ کے سلسلے میں اولیاء اللہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں بزرگان دین نے ہمیشہ محبتوں کو فروغ دیا اورعشق مصطفیﷺ سے فیضیاب ہوکر لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔ صاحبزادہ سید محمد حسان شاہ نے کہا کہ بزرگان دین نے ہر دور میں مصائب و تکالیف کو برداشت کرکے دین اسلام کا پرچار کیا اور اپنے عمل و کردار سے شجر اسلام کی آبیاری فرمائی ۔تقریب سے سید اصغر شاہ جماعتی،غلام رسول عرفانی ،محمد شفیق جماعتی و و دیگرنے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes