مردم شماری کے حوالے سے دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے؛ فاروق ستار

Published on February 13, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 285)      No Comments

6
حیدر آباد: (یو این پی)  متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ کورٹ نے مسئلہ طے نہ کیا تو ہم سمجھیں گے کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کو قومی دھارے سے نکالا جا رہا ہے۔ وہ کوہ نور چوک پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے شہری عوام کے ساتھ سازش شروع کر دی گئی ہیں۔ شہری آبادی کم اور دیہی آبادی زیادہ دکھائی جائی گی۔ اس حوالے سے ہم سپریم کورٹ میں جا رہے ہیں، اگر سپریم کورٹ نے اس مسئلے کو طے نہیں کیا تو ہم سمجھیں گے کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کو قومی دھارے سے نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مصطفی کمال سے ہاتھ ملانے کے حوالے سے کہا کہ نہ وہ ہمارے دفتر آئے اور نہ ہم ان کے دفتر گئے، یونیورسٹی میں ایک سیمینار تھا جہاں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔ انہوں نے مجھ سے ہاتھ ملایا، ہمارا مذہب اور اخلاقیات اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی آ کر ہم سے ہاتھ ملائے اور ہم انکار کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مردم شماری سے قبل کی جانے والی دھاندلی، بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور سندھ میں ڈھائی لاکھ نوکریوں کی بندر بانٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم نہ صرف حیدر آباد بلکہ قاسم آباد، ٹنڈوجام، ٹنڈوالہیار سے بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 17 فروری کو پکاقلعہ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ایک جماعت نے یہاں پہلے جلسہ کیا اس کے اخراجات اور ہمارے اخراجات دیکھ کر لوگ اندازہ لگا لیں کہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اکثریت سے وڈیرے موجود ہیں، کراچی میں گٹر اُبل رہے ہیں، حیدر آباد اور لاڑکانہ میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے عوام کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھے اور اب بھی ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme