اسلام آباد(یو این پی) ایان علی کو پرواز کا پروانہ مل گیا۔ وزارت داخلہ نے ماڈل گرل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا۔ ایان علی اب ملکوں ملکوں گھومیں گی۔ دبئی سمیت پاکستان سے باہر کہیں بھی جا سکیں گی۔تفصیلات کےمطابق منی لانڈرنگ کیس سے شہرت پانے والی ماڈل گرل ایان علی کی سنی گئی۔ وفاقی وزرات داخلہ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ ایان علی اب دبئی سمیت پاکستان سے باہر کہیں بھی جا سکیں گی۔ وزرات داخلہ نے سپریم کورٹ کے تیس جنوری کے احکامات کی روشنی میں ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے ایان علی کا نام دو بار ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دیا تھا اس کے باوجود ماڈل گرل کا نام ای سی ایل سے نہ نکالا گیا۔ بدھ کی صبح چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بینچ نے ایان کی جانب سے دائر وفاقی حکومت کے خلاف تمام توہین عدالت کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ایف ائی اے کے انسپکٹر کے قتل کے وقت ایان علی جیل میں تھیں اس لئے ان کانام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے بھی قرار دیا تھا کہ ایان نے کوئی ڈاکا ڈالا ہے نہ قومی خزانے کو لوٹا ہے، اس لئے اس کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔