ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق ،20سے زائد زخمی ،کئی کی حالت تشویشناک

Published on February 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 319)      No Comments

لاہور ( یوا ین پی) لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور شدت کے باعث قریبی عماعتوں کے شیشے توٹ گئے جبکہ باہر کھڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ،پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستوں نے موقع پر پہنچ کر سکیورٹی فرائض سنبھال لیے ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سے دھماکے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔یو ا ین پی کے مطابق ڈیفنس میں وائے بلاک میں واقع زیر تعمیر چار منزلہ عمارت میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہوگئے ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ باہر کھڑی 17گاڑیاں اور 20موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ایدھی ایمبولینسز ، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔ اطلاع ملنے پر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ، ڈی جی ریسکیو 1122سمیت دیگر اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ۔ حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم پولیس ، بم ڈسپوزل سکواڈ ، سی ٹی ڈی اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوع کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے سکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے ۔جائے حادثہ کو قناطیں لگا کر سیل کر دیا گیا اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ دھماکے کے بعد اردگرد کی دکانیں بند کروا کر علاقے کو سیل کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل وائے اور زیڈ بلاک میں دھماکے اور دہشتگردی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور اس علاقے کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا تھا ۔ اس علاقے میں کھانے پینے اور چائے کے ریسٹورنٹس کی بڑی تعداد موجود ہے جہاں پر ان اوقات میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ۔ دھماکے کے بعد جنرل اور قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ۔دھماکے کے زخمیوں کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پلازہ میں ہونے والا دھماکے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے ، ماہرین اس حوالے سے تحقیقات مکمل کریں گی تب ہی کچھ کہا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ زیر تعمیر عمارت میں کوئی کیمیکل موجود ہو، جس نے آگ پکڑ لی اور اس کے نتیجے میں دھماکا ہوا ہو۔رانا ثنا اللہ نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ لاہور کے علاقے گلبرگ میں بھی ایک اور دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تاہم وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے گلبرگ میں دھماکے کی تردید کردی۔ریسکیو 1122کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت اور شدت بہت زیادہ تھی، عمارت کی ایک منزل نیچے گر گئی اور لوگوں کے نیچے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔علاقے میں واقع ایک بینک کے ملازم محمد خرم نے بتایا کہ ان کا آفس ایک خوفناک دھماکے سے لزر اٹھا۔ہم فورا بلڈنگ سے نکلے اور دیکھا کہ باہر پارک کی گئی موٹر سائیکلوں میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ کر جابجا بکھرے ہوئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ محکمہ صحت کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاہور میں ڈیفنس مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ جمعرات کو ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈیفنس مارکیٹ لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنو ن حسین ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ ، ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ پر ویز خٹک، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ ثنا اللہ زہری ، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت دیگر نے دھماکے میں ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes