لاہور(یو این پی)پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہو گا یا نہیں، سکیورٹی پلان طے نہ ہو سکا، پچیس فروری آ گئی، آن لائن ٹکٹیں کب سے بکیں گی، عوام کو انتظار، شہباز شریف سے نجم سیٹھی کی ملاقات، انتظامات پر مشاورت، حتمی فیصلہ آج ہونے کا امکان۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی اداروں سے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے مزید تجاویز طلب کر لیں۔ کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔ ذرائع کے مطابق، پی ایس ایل کے فائنل سے متعلق فیصلہ آئندہ دو روز میں لے لیا جائے گا۔ادھر چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امکان ہے کہ اعلیٰ حکام مشاورت کے بعد آج حتمی فیصلہ کریں گے۔