دہشتگردوں کی کمر توڑ دی سر بھی کچل دیں گے؛وزیر اعظم

Published on March 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 458)      No Comments

3
کویت سٹی:(یوا ین پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی کمر توڑ دی سر بھی کچل دیں گے۔ 90 کی دہائی کے ترقیاتی کام جاری رہتے تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا ملکی ترقی کے لئے خود انحصاری کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں۔ پہلے بھی پاکستان کو ترقی کی راہیں دکھائیں اب بھی دکھائیں گے سی پیک میں 50 ارب ڈالر کے منصوبے شروع ہو چکے۔ موٹر ویز اور شاہرات کی تکمیل سے گھنٹوں کا سفر منٹوں میں تبدیل ہو گا۔ پی ایل ایل کے فائنل نے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔ موٹر ویز سے دوریاں اور کم ہوں گی۔ کویت میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کویت میں پاکستانیوں سے مل کر خوشی ہوئی ہے کویت میں مقیم پاکستانی سب سے زیادہ اپنے وطن کے لئے سوچتے ہیں۔ 2013ء میں جب وزیر اعظم بنا تو دہشتگردی، بجلی، معیشت جیسے بڑے مسائل کا سامنا تھا۔ آج پاکستان پر حالات بہت بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 سال بعد کویت آیا ہوں کویت پر جب حملہ ہوا تو ہم نے حق کا ساتھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کویت کا ساتھ دینے پر بہت سی سیاسی جماعتوں نے مخالفت کی تھی۔ کویت سے ہمارے اچھے تعلقات تھے اور ہیں۔ کویت میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بارے امیر کویت سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو بہتر کیا اگر 90 کی دہائی کے ترقیاتی کام جاری رہتے تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا لیکن بار بار حکومتوں کو توڑا گیا معیشت تباہ ہو ئی دہشتگردی بڑھ گئی اور ترقی کا خواب ادھورا رہ گیا۔ اس وقت ہم نے معاشی ترقی کے لئے گرین چینلز بنائے تھے۔ تاجروں کو مراعات دیں لیکن آمرانہ دور میں ملک کے حالات دیکھ کر دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہتر ہیں پاکستان میں بجلی کے کارخانے تیزی سے لگ رہے ہیں ہم نے 2013ء میں عزم کیا تھ اکہ ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے۔ آج لوڈ شیڈنگ کے خلاف کئے جانے والے ہنگامے ختم ہو گئے ہیں موٹر ویز اور سڑکیں بن رہی ہیں بلوچستان میں ایک نیٹ ورک بن رہا ہے۔ ایل این جی پر بننے والے پاور پلانٹس کے منصوبے ڈیڈھ سال کی قلیل مدت میں مکمل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ پورے پاکستان کے لوگ دیکھ رہے تھے اچھا ہوا کہ میچ پشاور کوئٹہ کے درمیان تھا اگر کراچی اور لاہور کے درمیان ہوتا تو کہا جاتا کہ آپس میں میچ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی۔ مہنگائی بھی پہلے کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ دنیا میں پانچویں اور ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے 70 سال میں پہلی بار تھر کے کوئلے کا استعمال شروع کیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی قیمتوں میں کمی میری ترجیح ہے تاکہ صنعت کاروں کاشتکاروں اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ ہم بھاشا ڈیم بھی بنا رہے ہیں جو منگلا اور تربیلا سے بڑا ہے اور 4500 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔ اس کے لئے 110 ارب خرچ کر کے زمین لی ہے اس کے علاوہ داسو ڈیم بھی بن رہا ہے۔ یہ 2 ڈیم 9 ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال میں دہشتگردی کی کم رتوڑ دی پچھلا ڈیڑھ سال امن سے گزرا اب کسی کسی جگہ دہشتگرد سر اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں ہم اس سر کو بھی کچل دیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج اور عوام نے بڑی قربانیاں دیں خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان اور خطے کے لئے گیم چینجر ہے آنے والے وقت میں پتہ لگے گا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آمریت میں مجرمانہ غفلت کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا تھا آج لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے صنعتوں کو 24 گھنٹے بجلی مل رہی ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes