پانامہ کیس میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ

Published on April 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 295)      No Comments


اسلام آباد:(یوا ین پی) پانامہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ، سابق وفاقی و صوبائی وزراء ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت سیاسی رہنماء پارٹی میں شمولیت کے منتظر ہیں، عمران خان نے وائٹ کالرز کرائم میں ملوث شخصیات کو جماعت میں شامل نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے، عمران خان نے پارٹی میں غیر متنازعہ اور حلقہ میں اچھی شہرت رکھنے والی شخصیات کو جماعت میں شامل کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے، جماعت میں باکردار شخصیات کو شامل کرنے کے لئے جلد پی ٹی آئی کی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی کو پی ٹی آئی میں رسمی طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز بنی گالہ میں عمران خان سے اہم ملاقات کی، وہ گزشتہ تین ماہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت کے لئے عمران خان سے رابطہ کی کوشش کر رہے تھے تاہم پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کی ذاتی کوششوں کے بعد لیاقت جتوئی کی عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں لیاقت جتوئی نے پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی تاہم اس کا باضابطہ اعلان وہ اپنے حلقہ ڈسٹرکٹ دادو میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام میں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان پی ٹی آئی کا ایک مشاورتی اجلاس طلب کریں گے، جس میں چاروں صوبوں کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران سمیت جماعت کے مرکزی عہدیدار شرکت کریں گے، جن سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کے خواہشمند سابق و فاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کاماضی کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا، اور کسی قسم کی کرپشن یا وائٹ کالرز کرائم میں ملوث شخصیات کو پی ٹی آئی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں عمران خان پارٹی کے عہدیداروں سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران سے بھی مشاورت جلد شروع کریں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog