کسی بھی جگہ پولیووائرس کی موجودگی پوری دنیا کے لیے خطرے کی علامت ہے ،یونیسف

Published on April 14, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 537)      No Comments


مہلک اور موذی وائرس کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے،ڈاکٹر عزیز احمد
کوئٹہ(یوا ین پی)اقوام متحدہ کے عالمی ادارے برائے اطفال یونیسف نے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں پولیووائرس کی موجودگی پوری دنیا کے لیے خطرے کی علامت ہے ،لہٰذا اس مہلک اور موذی وائرس کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ،بلوچستان میں کوئٹہ زون پولیو وائرس کی سرخ لکیر پر موجود ہے ،جہاں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے رواں ماہ 17اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں پولیوسے بچاؤ کے قطروں سمیت ریڈ زون کوئٹہ میں پولیو سے بچاؤ کے انجکشن آئی پی وی بھی لگائے جائیں گے جس کے لیے تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز پر مشتمل خصوصی ٹیکہ جاتی مراکز قائم کئے جائیں گے، ان خیالات کااظہار یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر عزیز احمد نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ’’پولیو مہم میں میڈیا کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ صحافتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے بتایا کہ پولیو ویکسین کی ایجاد اور عالمگیر انسداد پولیو مہم سے قبل دنیا بھر کے 125ممالک میں روزانہ ایک ہزار پولیو کے کیس منظر عام پر آتے تھے تاہم پوری دنیا میں اس موذی وائرس کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام ہوا اور آج صرف دنیا کے تین ممالک افغانستان ،پاکستان اورنائجیریا کے محض جنگ زدہ علاقوں میں یہ وائرس پایا جاتا ہے ۔اس وائرس کی روک تھام اور خاتمے کی ملکی وعالمی کوششوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے تما م اسٹیک ہولڈرز شعوری آگاہی کے ذریعے اپنا موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پولیو کی موجودگی والے علاقوں میں حفاظتی قطرہ جات اور ٹیکوں کے ذریعے بچوں میں قوت مدافعت میں اضافے کے ساتھ ساتھ وائرس کی موثر طور پرروک تھام ممکن ہے ،پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے میڈیا اسپیشلسٹ سعید احمد نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے میڈیا موثر کردار ادا کرسکتا ہے 1950میں امریکہ میں پولیو سے بچاؤ کے لیے میڈیا نے شعور وآگاہی کا مثالی کردار ادا کیاجبکہ حالت جنگ کے باوجود عراق اور سیریا میں پولیو کے خلاف والدین میں مثالی شور پایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں پولیو کے تدارک کے لیے میڈیا کا کردار کلید ی اہمیت کا حامل ہے اس قومی فریضے سے بہتر طور پر نبردآزما ہونے کے لیے میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور پولیو ویکسین سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرکے منفی مخصوص رائے کے اثرات کو زائل کرکے اس قومی خدمت میں حصہ دار بن سکتا ہے ،پروگرام میں معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے اسلامی نقطہ نظر سے انسداد پولیو مہم کی افادیت پر روشنی ڈالی جبکہ یونیسف کے ای او سی کوارڈنیٹر ڈاکٹر جواہر حبیب نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes