سرکاری گاڑی کا استعمال،آڈیٹر جنرل نے احسن اقبال سے 63لاکھ روپے ریکور کرنے کی سفارش کردی

Published on April 24, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 390)      No Comments

   اسلام آباد (یو این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈویژن احسن اقبال کے بلوچستان کے ایک ڈویلپمنٹ منصوبے کی ایک کروڑ مالیت کی ٹیوٹا لینڈ کروزر گاڑی کو اپنے آبائی حلقے میں جانے کیلئے استعمال کرنے کاانکشاف ہواہے۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے وفاقی وزیرسے گاڑی ذاتی استعمال میں رکھنے پر پٹرول ، مرمت ، ڈرائیور کی تنخواہ سمیت دیگر اخراجات کی مد میں 63لاکھ روپے وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔ اسکے علاوہ اے جی پی نے وفاقی وزیر سے لینڈ کروزر گاڑی کی ریکوری نہ کرنے کی صورت میں پارلیمنٹ سے معاف کرانے یا اے جی پی کو وضاحت پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔یو این پی کے مطابق وفاقی وزیر تنخواہ ، مراعات کے ساتھ ایک سرکاری گاڑی بھی استعمال کرسکتے ہیں جبکہ پچھلے دو سا ل میں 15گاڑیاں وزارت کے پول پر تھیں جس میں سے گاڑی نمبر GV-313وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈویژن کے سرکاری استعمال میں تھی۔ آڈٹ حکام کے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ ٹویوٹا لینڈ کروز ر نمبر QAM-3150بلوچستان میں پی ایس ڈی پی کے مانیٹرنگ منصوبے کیلئے خریدی گئی تھی لیکن یہ گاڑی بھی وفاقی وزیر کے زیر استعمال تھی جو کہ ان کی ضرورت سے زائد تھی ، گاڑی کی مرمت بلوچستان کے مانیٹرنگ یونٹ سے پوری کی جاتی تھی جبکہ گاڑی کا پٹرول اور ڈرائیور کی تنخواہ وزارت منصوبہ بندی ڈویژن کے ریگولر بجٹ سے لی جاتی تھی۔سرکاری دستاویز کے مطابق ٹویوٹا لینڈ کروزر گاڑی کیلئے پٹرول اورمرمت کی مد میں مالی سال 2014-15اور 2015-16کے دوران 12لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ ڈرائیور کی تنخواہ اور اوور ٹائم کی مدمیں 8لاکھ روپے خرچ ہوئے ، اس کے علاوہ آڈٹ حکام نے گاڑی کی بے قدری (Depreciation)کی مدمیں 42لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ آڈٹ حکام کے مطابق انسپکٹرجنرل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بلوچستان سے ٹیوٹا لینڈ کروزر گاڑی کی منتقلی سے منصوبے کی مانیٹرنگ بھی متاثر ہوئی ہے ، اس سلسلے میں جب منصوبہ بندی ڈویژن کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ گاڑی وفاقی وزیر کے زیر استعمال رہی ہے اور یہ آڈیٹرجنرل آف پاکستان کے مشاہدات ہیں،حتمی پیرا نہیں ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes