بارباڈوس ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 393 رنز بنا کر آؤٹ،41 رنز کی برتری حاصل

Published on May 3, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 631)      No Comments


برج ٹاؤن (یو این پی) کینسنگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر چالیس رنز بنا لیے۔ کیرن پاول محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما کر پویلین چلتے بنے۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 41 رنز کی برتری حاصل ہے۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 393 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ گزشتہ روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔ اظہر علی اور احمد شہزاد نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا بلکہ نصف سینچریاں بنانے میں بھی کامیاب ہوئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 155 کے سکور پر گری جب احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ بشو کی گیند پر ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے بلے باز بابر اعظم اور یونس خان نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم کی وکٹ گیبریل کے حصے میں آئی جبکہ یونس خان کو بشو نے چلتا کیا۔ اس کے بعد اظہر علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری سکور کی۔ تاہم ان کا سکور ابھی 105 رنز پر پہنچا تو دویندرا بشو کی گیند پر وہ اپنا کیچ دے بیٹھے۔ پاکستانی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کی برتری ختم کی۔ پاکستان کو پانچواں نقصان کپتان مصباح الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو اپنی سنچری سے صرف ایک رن کی دوری پر 99 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ہولڈر کی گیند پر ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 325 رنز پر گری جب نائب کپتان سرفراز احمد بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گیبریل کی گیند پر پاؤل نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے فوری بعد ہی اسد شفیق بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اسد شفیق نے 15 رنز بنائے اور ہولڈر نے انھیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ محمد عامر کی گری جو کہ 10 رنز بنا کر ہولڈر کا شکار بنے۔ پاکستان کو نواں نقصان شاداب خان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ گیبریل کی گیند پر چیس نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے، 24 کے سکور پر گیبریل نے ہی ان کو پویلین بھیجا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes