کراچی(یواین پی)کراچی میں کئی گھنٹوں بعد متعدد علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی، جبکہ چند علاقے تاحال اندھیرے میں ڈوبے ہیں۔ کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ ایک چھوٹے یونٹ کی عارضی ٹرپ سے کچھ علاقوں میں بجلی کا عارضی تعطل آیا۔منگل کو کئی علاقوں میں دن بھر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا،جبکہ رات کو شہر کے نصف سے زیادہ حصوں میں طویل بریک ڈاؤن ہوگیا جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔امتحانات کی تیاری میں مصروف طلبا اور طالبات کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاک جن میں نو، آٹھ، بارہ، دس، سترہ، انچولی، طارق روڈ، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، لیاقت آباد، گلستان جوہر، ناظم آباد، گلبہار، عثمانیہ کالونی، جمشید روڈ، پاک کالونی، آئی آئی چند ریگر روڈ، برنس روڈ سے مکینوں نے بجلی کے طویل بحران کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ سخت گرمی میں بجلی کے غائب ہونے سے ہمیں جن پریشانیوں کا سامنا ہے اس پر حکمراں اور منتخب نمائندے کب توجہ دیں گے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیکنکل فالٹ کی وجہ سے رات میں کچھ علاقوں میں بجلی کا بحران پیدا ہوا جو آہستہ آہستہ دور کردیا گیا اور بجلی بحال کردی گئی ہے۔ گرمی میں بجلی کے زیادہ استعمال کی وجہ سے اس قسم کی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ کوئی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ نہیں ہوئی ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی تھی، جس کے باعث بجلی طویل بریک ڈاون ہوا ہے