کابل میں کار بم دھماکہ ، 80 افراد جاں بحق، پاکستانی سفارتی اہلکار سمیت 400 زخمی

Published on May 31, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 471)      No Comments


جرمن سفارت خانے کے قریب بم دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، سیکڑوں میٹر فاصلے پر مکانات تک کے شیشے ٹوٹ گئے
افغان پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں
کابل (یو این پی ) افغان دارالحکومت کابل میں زور دار کار بم دھماکے نے تباہی مچادی ، 80 افرادجاں بحق جبکہ 400 زخمی ہوگئے ، پاکستانی سفارتی اہلکار بھی دھماکے میں زخمی ہوئے ، طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔حملہ وزیر اکبر خان سٹریٹ میں ہواجہاں صدارتی محل اور غیر ملکی سفارتحانے قائم ہیں تاہم خودکش حملے کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔جرمن سفارت خانے کے قریب ہونے والے اس بم دھماکے میں اب تک مرنے اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں لیکن مختلف خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق دھماکا بہت ہی شدید تھا جس کی آواز بہت دور تک سنی گئی جبکہ سفارت خانوں سے لے کر اس جگہ سے سیکڑوں میٹر فاصلے پر مکانات تک کے شیشے ٹوٹ گئے۔افغان پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ اس بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں دھماکے والے مقام پر دھویں کے سیاہ بادل دکھائی دے رہے ہیں۔افغان وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت کابل کے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب کار میں نصب بارودی مواد سے خودکش حملہ کیا گیا جس میں 80افراد جاں بحق ہو گئے ، دھماکے کو رواں سال کا سب سے شدید نوعیت کا بلاسٹ قرار دیا جا رہا ہے جس میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں پر تعینات عملے اور صحافیوں سمیت400 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔دھماکے کے بعد ہرطرف تباہی کے مناظر ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ 30سے زائد گاڑیاں بھی تباہ یا متاثرہوئی ہیں جبکہ غیر ملکی سفارتحانے کے ملحقہ بھارتی سفارتحانے کی تمام کھڑیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ اس کے علاوہ اس پاس کی عمارتیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ڈپلومیٹک انکلیو کو کارڈن آف کر دیا گیاہے۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کابل دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملے سے پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ سفارتکاروں کی رہائش گاہوں پر مامور عملے کے ارکان معمولی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔پاکستان دکھ اور غم کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہے۔دھماکے کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں بھی سفارتحانے کے باہر پہنچ گئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔دھماکے کے بعد کابل کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور عملے کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes