لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

Published on June 9, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 353)      No Comments


اسلام آباد/لاہور(یو این پی)اسلام آباد، مری، ایبٹ آباد اور میرپور آزاد کشمیر سمیت کئی شہروں میں باران رحمت سے موسم حسین، شدید گرمی میں مرجھائے چہرے کھل اٹھے، پنڈی میں طوفانی بارش سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، لاہور میں آندھی کے بعد بارش نے دو روز سے جاری روزہ داروں کی موجوں کے کل بھی جاری رہنے کی نوید سنا دی۔قدرت روزہ داروں پر مہربان ہے۔ کئی علاقوں میں ابرم کرم برس پڑا۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ ٹھنڈی ہوائیں چلیں تو گرمی سے نڈھال شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ترنول، مری اور ایبٹ آباد میں کالی گھٹائیں خوب برسیں۔ سجاول، دریا خان، منکیرہ، بھکر اور کروڑ لعل عیسن میں بھی رم جھم سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ڈڈیال اور میرپور آزاد کشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔افطار کے کچھ دیر بعد لاہور اور اس کے گردونواح میں آندھی کے بعد بارش نے روزہ داروں کی دو روز سے جاری موجوں کو دوچند کر دیا۔ تاہم دوسری جانب، موسم کی خرابی کے باعث صوبائی دارالحکومت کا فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے۔ کئی علاقوں میں لیسکو کے فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں اور بجلی غائب ہو گئی ہے۔ ادھر جوہر ٹاؤن میں آندھی کے باعث متعدد ایک مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر، راولپنڈی میں جمعرات کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن ضلع کے مختلف علاقوں کی بجلی بند ہو گئی جس کے باعث روزہ داروں کو تاریکی میں افطار کرنا پڑا۔ لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں صادق آباد، کینٹ، نصیر آباد، اڈیالہ، دھمیال، مری اور ٹیکسلا سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes