بابر اعوان کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

Published on June 24, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 320)      No Comments


اسلام آباد(یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے سینیٹر کی نشست سے استعفیٰ دے کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ بابر اعوان کا کہنا ہے کہ 21 سال بعد پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اب اللہ نے میری رہنمائی کی، میں اپنی پوری فیملی کے ساتھ پاکستان کے مستقبل کے کپتان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعوان نے یہ اعلان اسلام آباد میں عمران خان کے اعزاز میں افطار اور عشائیہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر حکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے، ان کا کہنا تھا کہ سارے ادارے تو گاڈ فادر نے تباہ کر رکھے ہیں، حقیقی تبدیلی وہ ہو گی جب ملکی ادارے مضبوط ہوں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بابر اعوان کے بیٹے پہلے ہی ان کی جماعت میں شامل ہو چکے ہیں، ان کے مطابق بابر اعوان کا پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ بہت دانشمندانہ ہے۔ ہماری پارٹی میں صرف ایک پارٹی سے لوگ نہیں آ رہے بلکہ خیبر پختونخوا میں شامل ہونے والے لوگ مختلف جماعتوں سے آ رہے ہیں۔ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوگ کوئی مطالبہ بھی نہیں کر رہے۔ اس موقعہ پر بابر اعوان کا پی پی پی سے اپنی رفاقت کے حوالے سے کہنا تھا کہ 21 سال بعد میں پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ تبدیلی گھر بیٹھے نہیں آئے گی، انصاف کے حصول کے لیے وزارت چھوڑ دی، میرا ایجنڈا اقتدار ہوتا تو 2018 تک سینیٹر رہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا اور میڈیا کا احسان کبھی نہیں بھلا سکتا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بابر اعوان گزشتہ دو سال سے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کر رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب وہ وفاقی وزیر قانون تھے تو اس دوران انہوں نے اقتدار میں آنے کے ڈیڑھ سال بعد ہی قیادت کو استعفی دے دیا تھا۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ ڈاکٹر بابر اعوان نے اب سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ چند روز میں وہ چیئرمین سینیٹ کو استعفی پیش کر دیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes