پاکستان ویلفیر سوسائٹی جدہ کے زیر اہتمام ڈاکٹر شمس طور کے اعزاز میں تقریب، خدمات کا اعتراف

Published on July 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 525)      No Comments
 جدہ  (سید شہاب الدین) پاکستان ویلفیئر سوسائٹی (پی ڈبلیو ایس ) جدہ نے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک نہایت پروقار تقریب تقسیم ایوارڈ کا اہتمام کیا جس میں سوسائٹی کے اہم رکن و پاکستان کڈنی سینٹر (پی کے سی) ایبٹ آباد کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر ڈاکٹر شمس طور اور انکی کی بیگم ڈاکٹر ماہ رخ شمس کو پاکستانی کمیونٹی کے لئے اپنی بہترین خدمات پر ایک یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت سید شہاب الدین نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض پی ڈبلیو ایس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد عبیدنے کی۔ پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان نے ڈاکٹر شمس طور کی خدمات کو بہت سراہا اور انہیں بہترین انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر شمس جوش و جذبے سےاپنی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔ جو کام بھی سونپا گیا انہوں نے بڑی خوش اسلوبی سے اسے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر شمس ویلفئیر سوسائیٹی اور پاکستان کڈنی سینٹر کے لئے اپنی خدمات اسی جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے اورہماری معاونت کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر امجد عبید نے کہا کہ ڈاکٹر شمس طور ایک نیک سیرت انسان ہیں جن کی کمیونٹی کے لئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وہ پی ڈبلیو ایس اور پی کے سی کے لئے ایک عظیم اثاثہ ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے پی ڈبلیو ایس کے مشن کو آگے بڑھانے میں ہمیں اپنی صلاحیتیں پیش کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر شکیل بخش نے ڈاکٹر شمس کی خدمات پر انکو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمس کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے خدمات قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ انجینیر محمد منشاء طور نے کہا کہ ڈاکٹر شمس طور پی ڈبلیو ایس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ مثبت سوچ کے ساتھ ساتھ ایک نیک اور محبت کرنے والے صاحب علم و دانش انسان ہیں۔ شریف زمان نے کہا کہ ڈاکٹر شمس طور ایک انتہائی مخلص اور منلنسار شخصیت کے حامل فرد ہیں۔ پی ڈبلیو ایس کے لئے انکی خدمات قابل قدر ہیں۔ انکی گراں قدر کوششوں پر ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں پی ڈبلیو ایس کی فری میڈیکل کیمپ کی خاتون ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی۔ لیڈیز ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈبلیو ایس کی کارگردی کو بہت سراہا اور پندرہ روزہ فری میڈیکل کیمپ میں خواتین ڈاکٹرز کے بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سینئر ڈاکٹر نیلوفر اور ڈاکٹر صبا تازین نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ پاکستان ویلفئیر سوسایٹی عرصۂ دس برس سے ہر پندرہ دن پر پاکستان قونصلیٹ جدہ میں میڈیکل کیمپ کا انقعاد کرتی ہے جہاں مرد و خواتین ماہر ڈاکٹر نادار پاکستانی افراد کا مفت علاج کرتے ہیں، انکو مفت دوائیں دی جاتی ہیں اسکے علاوہ آنکھوں کے ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ اور بلڈ شوگر بھی مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایبٹ آباد میں قائم مفت کڈنی سینٹر اسپتال کے الٹرا ساؤنڈ اسپیلشٹ ڈاکٹر فضل زمان نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔غریب اور نادار لوگوں کی بے لوث خدمات اور بہترین کارکر دگی پر ڈاکٹر فضل زمان کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ ڈاکٹر شمس طور نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انکے بارے میں نیک خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو کچھ بھی ہوں وہ سب آپ لوگوں کی محبت کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان میں لگن اور جذبہ ہونا چاہیے۔ اگرمقصد نیک اور لگن سچی ہو تو انسان بڑے سے بڑا کام انجام دے کر منزل مقصود پا لیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انکی کامیابی میں انکی بیگم ڈاکٹر ماہ رخ کا بھی بڑا تعاون حاصل رہا ہے۔ ڈاکٹر شمس نے کہا کہ پی ڈبلیو ایس پاکستانی قونصل خانہ کے تعاون سے مستحق پاکستانی کمیونٹی کو مفت میڈیکل سہولت فراہم کر رہا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر اس نیک کام میں اپنا تعاون پیش کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کڈنی سینٹر کی تعمیر ایک شاندار کارنامہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن سے پی ڈبلیو ایس کو اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔ تقریب میں ڈاکٹر غضنفر نقوی، ڈاکٹر محمد آصف، خلیل جنجوعہ، خالد ضیاء، یونس عبدالستار اور سید شہاب الدین نے بھی شرکت کی۔

 

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog