این اے 120 کی انتخابی مہم سے حمزہ شہباز کو فارغ کر دیا گیا

Published on August 20, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 331)      No Comments


لاہور (یو این پی) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے این اے 120 کی انتخابی مہم سے اپنے بھتیجے حمزہ شہباز کو فارغ کر دیا۔ حمزہ شہباز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا میاں نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشت پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہو گا جس کے لیے کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم حمزہ شہباز نے چلانا تھی لیکن میاں نواز شریف نے ضمنی الیکشن کے لیے مہم سے شہباز شریف کے بیٹے اور اپنے بھتیجے حمزہ شہباز کو فارغ کر دیا جب کہ وزیر تجارت پرویز ملک کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں نواز شریف نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور پرویز ملک کو جاتی امرا بلایا تھا جس میں انہوں نے پرویز ملک کو انتخابی مہم چلانے کی ذمہ داریاں سونپی تھیں تاہم اس دوران پرویز ملک نے نواز شریف سے کہا کہ حمزہ شہباز اچھی انتخابی مہم چلاتے ہیں اس لیے انہیں رکھا جائے لیکن نواز شریف نے ان کی تجویز مسترد کر دی اور انہیں انتخابی مہم کا انچارج مقرر کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی جانب سے اس فیصلے پر حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ ایک ورکر ہیں اور ورکر بن کر کام کریں گے لیکن بعد میں انہوں نے اپنے قریبی حلقوں سے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا اور انتخابی مہم کے دوران بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ شریف خاندان کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور شہباز شریف کی جانب سے آج اداروں پر بیان بازی سے متعلق پابندی نواز شریف کی اجازت کے بغیر لگائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی صورتحال پر گزشتہ روز شہباز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں پارٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme