مکہ مکرمہ میں حج سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات

Published on August 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 518)      No Comments

جدہ(زکیر بھٹی) سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حج سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز کے ایک لاکھ سے زیادہ اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے منیٰ میں منگل کے روز سکیورٹی فورسز کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں نیوز کانفرنس کے دوران حج پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کی تفصیل بتائی ہے۔انھوں نے بتایا کہ حج کے ویزے کی خلاف ورزیوں یا دوسری ضروری دستاویزات نہ رکھنے والے ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ افراد کو واپس بھیجا گیا ہے انھوں نے کہا کہ سعودی وزارت داخلہ کی فورسز نے 208,236 بسوں کو بھی واپس بھیجا ہے ان کے ذریعے غیر قانونی طور افراد کو حج کے لیے لایا جارہا تھا اس کے علاوہ سعودی حکام نے عازمین حج کو غیر مجاز اجازت نامے مہیا کرنے والی 97 جعلی ایجنسیاں پکڑی ہیں اور ان پر بھاری جرمانے عاید کیے گئے ہیں وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ نیوز کانفرنس مکہ مکرمہ میں مناسک حج کے آغاز سے صرف ایک روز قبل کی ہے دنیا بھر سے آئے ہوئے بیس لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید بدھ کو مسجد الحرام میں کعبۃ اللہ کا طواف کریں گے اور نماز ظہر ادا کرنے کے بعد وہاں سے منیٰ کے لیے روانہ ہوجائیں گے وہاں وہ باقی نمازیں ادا کریں گے اور خیمہ بستی میں قیام کریں گے جمعرات کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ خطبہ حج سماعت کریں گے منیٰ میں حجاج کرام کو ہرقسم کی سہولتیں اور خدمات مہیا کرنے کے لیے حکومت نے 51,700 سعودی اور تارکین وطن ملازمین تعینات کیے ہیں۔ان کا تعلق مختلف محکموں اور سکیورٹی اداروں سے ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme