افواج پاکستان پر نا مناسب تبصرہ، پیمرا کا نجی چینل کو 10لاکھ جرمانہ

Published on October 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 300)      No Comments


اسلام آباد(یو این پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک نجی چینل پر افواج ِ پاکستان کے حوالے سے نامناسب تبصرہ کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ پیمرا ترجمان کے مطابق منگل کو اتھارٹی کا 134واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں افواج پاکستان پر نامناسب تبصرہ کرنے پر 10لاکھ روپے جرمانہ کی منظوری دی گئی۔ مذکورہ گفتگو نجی چینل کے پروگرام “آپس کی بات” کی گئی تھی۔ اتھارٹی نے ایک اور نجی چینل پر بیہودہ گانا نشر ہونے پر چینل کی نشریات سات روز کیلئے معطل کرنے کی سفارش کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں انڈی پینڈنٹ نیوز پیپر کارپوریشن کو ایف ایم ریڈیو کے لائسنسز کے اجرا کا معاملہ بھی پیش کیا گیا، جس کی اتھارٹی نے ٹیکس ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دی۔ اتھارٹی نے ماہانہ کیبل ٹی وی فیس میں ایک روپیہ اضافہ کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اتھارٹی اجلاس میں رکن سندھ سرفراز خان جتوئی، رکن خیبر پختونخوا شاہین حبیب اﷲ، رکن پنجاب نرگس ناصر، وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا، وفاقی سیکرٹری اطلاعات احمد نواز خان سکھیرا، چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا اور چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسمٰعیل شاہ نے شرکت کی۔ چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے اجلاس کی صدارت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog