عقیدہ درست اوروفا ہو تو اللہ کے خزانوں تک رسائی ممکن ہے۔ لاثانی سرکار 

Published on October 14, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 549)      2 Comments

فیصل آباد ( یواین پی)دورحاضرکے عظیم روحانی پیشواصوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارنے لاثانی سیکرٹریٹ پر منعقدہ عظیم الشان محفل پاک حسینی ؓ میں شرکائے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسان کا عقیدہ درست ہواورپھر وفادار بھی ہو تواس کی اللہ تعالیٰ کے خزانوں تک آسانی سے رسائی ہوجاتی ہے ،اسی عقیدے کی بنیاد پر ہی انسان کے اعمال یاتو منظورومقبول ہوتے ہیں یا پھر ردکردئیے جاتے ہیں،سچا عقیدہ اللہ تعالیٰ کے وارثین ،مومن مقربین فقراء کی بارگاہ اقدس سے نصیب ہوتاہے۔آپ نے مزیدکہاکہ موجودہ دورمیں بدعقیدگی بہت زیادہ پھیل گئی ہے ،اس کے اثرات گھروں پربھی شدت سے اثراندازہورہے ہیں ،کہتے ہیں کہ کسی نے ہم پر کچھ کروادیا ہے ،کسی نے کچھ نہیں کروایا ہوتایہ صرف بدعقیدگی کے اثرات ہوتے ہیں کہ گھریلوماحول شیطانی اثرات سے بری طرح متاثر ہوتاہے ۔آج کل گھروں میں نماز ،تلاوت قرآن پاک اوردرودوسلام پڑھنے کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ،جھوٹ ،بہتان بازی ،رزق حرام سمیت اللہ تعالیٰ کے وارثین مقرب اولیاء اللہ کی گستاخیوں کی وجہ سے شیطانی اثرات ہوتے ہیں ،پھر کہاجاتاہے کہ ہم پر کسی نے کچھ کردیا ہے ،گھروں میں صفائی کا خاص خیال نہیں رکھا جاتا،سفیدی کروالینی چاہیے اورجہاں دراڑیں پڑچکی ہوں ان کی فوری طور پر مرمت کروالیا کریں۔اپنے عقائد مضبوط کرلیں،عاجزی اورانکساری پیداکرلیں،مخلص اوروفادار بنیں توپھر دنیا وآخرت کسی بھی چیز کی کمی نہیں رہے گی۔آپ نے مزیدکہاکہ لوگوں کومرید کرتے وقت جو عقیدہ پڑھایا جاتاہے ،یہ وہی عقیدہ ہے جوتمام انبیاء کرام ؑ کاعقیدہ رہاہے،سیدالمرسلین ﷺ،آپ ﷺ کی ازواج مطہراتؓ،آل رسولؓ ،خلفائے راشدینؓ ،صحابہ کرامؓ اورتمام وارثین انبیاء مومن مقربین کاعقیدہ ہے،یہی وجہ ہے کہ آپ لوگوں کو اللہ ورسولﷺ اوران کے تمام محبوبوں کی بارگاہ اقدس سے تیزی سے عطائیں ،نوازشیں اورکرم نوازیاں ہورہی ہیں۔راہ حق کے سالک کا پہلے عقیدہ چیک کیا جاتاہے کہ یہ سالک صدق دل سے اللہ تعالیٰ کو وحدہ لاشریک ،رسول اللہ ﷺ کواللہ تعالیٰ کے آخر ی نبی ،تمام انبیاء کرام ؑ ،تمام رسولوں،اس کے فرشتوں،آسمانی کتابوں،اچھی بری تقدیر،مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے پر جزاوسزاکوتسلیم کرتاہے اورپھر تمام مخلوقات میں انبیاء کرام ؑ کے بعد سب سے اول اورسب سے افضل امیر المومنین امام المتقین حضور سیدنا صدیق اکبرؓ،دوسرے خلیفہ مرادرسول حضورسیدنا عمرفاروق اعظمؓ ،تیسرے خلیفہ امیر المومنین حضورسیدنا عثمان غنی ذوالنورینؓ اورچوتھے خلیفہ مولائے کائنات حضورسیدنا علی المرتضیٰؓ کو،تمام صحابہ کو سچے دل سے مانتاہے اورانہیں جنتی تسلیم کرتاہے ،انہیں دین کے رہبر اوراپنا پیشواتسلیم کرتاہے اوریہ بھی مانتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام خزانوں کی کنجیاں ہمارے آقا ومولا حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کوعطافرمائیں اورآپﷺ جتنا چاہیں اپنے امتیوں میں تقسیم فرمائیں،مسلمانوں کی بنیاد یہی ’’عقیدہ ‘‘ہے ،اس عقیدے پر قائم رہنے والے کی پھر محبت چیک کی جاتی ہے کہ یہ مسلمان (راہ حق کاسالک)اللہ ورسول ﷺ اوران کے محبوبوں سے محبت کیسی کرتاہے ؟اگر اس میں بھی وہ کامیاب ہوجاتاہے تو اس کی وفاچیک کی جاتی ہے اوراگر وہ اس میں بھی کامیاب ہوجاتاہے توپھر اللہ تعالیٰ ایسے مسلمان (سالک )کواپنے خزانوں بالخصوص لوح وقلم کے خزانے عطا فرماتاہے ۔حضرت علامہ اقبال ؒ نے بھی اسی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ ’’کی محمد ﷺ سے وفا تونے توہم تیرے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔یہ جہاں چیز ہے کیا،لوح وقلم بھی تیرے ہیں‘‘۔آپ نے مزیدکہاکہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ اقد س میں ان کلمات کیساتھ دعاکیا کریں کہ ’’یا اللہ !میرے دل کو اپنے دین پر استقامت عطا ‘‘اورساتھ یہ دعابھی پڑھاکریں’’اللھم اعنی علیٰ ذکرک وشکرک وحسن عبادتک ‘‘،اختتام محفل پرسیدالانبیا حضورنبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ درودوسلام پیش کیاگیا ،ملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے بھی خصوصی دعاکی گئی،شرکائے محفل پاک کیلئے ’’لنگر حسینی ؓ ‘‘کابھی وسیع انتظام کیاگیا تھا۔

Readers Comments (2)
  1. mazhar abbas says:

    MASHALLAH……….BAYSHAK





WordPress Blog

WordPress Blog