پاکستان سپر لیگ نے مجھے نیا اعتماد دیا؛ رومان رئیس

Published on November 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 305)      No Comments

کراچی(یوا ین پی)نوجوان قومی فاسٹ بولر رومان رئیس نے کہا کہ سپر لیگ نے مجھے نیا اعتماد دیا ۔ پاکستان سپر لیگ نے کریئر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹروں اور غیر ملکی کوچز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو کنڈیشن سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے ۔انٹرنیشنل کرکٹ میں کنڈیشنز کو سمجھنا، بیٹسمین کے مضبوط اور کمزورپہلوؤں پر نظر رکھتا ہوں ۔ پی ایس ایل کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں شائقین اور بڑے میچ کا پریشر محسوس نہیں ہوتا ۔ان خیالات کا اظہار رومان رئیس نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ جو بھی کنڈیشن ہو اس سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں۔رومان رئیس انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرتے وقت چند بنیادی باتوں پر عمل کرنا بہت ضروری سمجھتے ہیں۔کنڈیشنز کو سمجھنا، بیٹسمین کے مضبوط اور کمزورپہلوؤں پر نظر رکھتے ہوئے اسے بولنگ کرنا اور ہدف کا خیال رکھتے ہوئے بولنگ کرنا کیونکہ جب آپ وکٹ ٹو وکٹ بولنگ کریں گے آپ کو کامیابی ملنے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔رومان رئیس ان کرکٹروں میں سے ایک ہیں جن کے کریئر میں پاکستان سپر لیگ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ نے مجھے نیا اعتماد دیا ہے۔ اگرچہ میں پہلے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ون ڈے ٹورنامنٹس کھیلتا رہا ہوں لیکن پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹروں اور غیر ملکی کوچز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بڑی کرکٹ کا جو دباؤ ہوتا ہے اس کا مقابلہ کس طرح کیا جائے اور اب جب میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوں مجھے شائقین اور بڑے میچ کا پریشر محسوس نہیں ہوتا کیونکہ پی ایس ایل کا معیار انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ہے۔یاد رہے کہ رومان رئیس گذشتہ سال پہلی بار قومی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے لیکن ان فٹ ہونے کے سبب پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے لیکن وہ اس صورت حال سے مایوس نہیں ہوئے اور کچھ عرصے بعد ہی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر افسوس کرتا تو آج دوبارہ یہاں نہ ہوتا۔ میری کوشش ہے کہ اپنی فٹنس کا خیال رکھوں کیونکہ فٹنس کی وجہ سے ہی مجھے تکلیف دہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ آج کل کی کرکٹ میں حسن علی کا وکٹ لے کر جشن منانے کا انداز دنیا بھر میں مشہور ہو چکا ہے لیکن رومان رئیس نے بھی اس معاملے میں انفرادیت قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ وکٹ لینے کے بعد ہاتھ بلند کرتے ہوئے بالکل خاموش کھڑے ہو جاتے ہیں جیسے کہیں کھو گئے ہوں اور پھر مسکرا دیتے ہیں۔ اس حوالے سے رومان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ انداز پاکستان سپر لیگ میں شروع کیا تھا جسے سب نے پسند کیا تو میں نے اسے مستقل اپنا لیا۔ میں بولنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز دکھاتا ہوں لیکن میں چاہتا ہوں کہ جب وکٹ ملے تو پرسکون رہوں۔ خیال رہے کہ رومان رئیس نے گذشتہ دنوں قائد اعظم ٹرافی میں یو بی ایل کی جانب سے لاہور وائٹس کے خلاف میچ کی ایک اننگز میں 9وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں مصروف ہونے کے سبب فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیل پایا تھا۔ کافی عرصے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تو میں نے اپنے اندر تبدیلی محسوس کی کہ میں اب لمبی بولنگ بھی کرسکتا ہوں اس کی وجہ بہتر فٹنس ہے۔واضح رہے کہ رومان رئیس اب تک چار ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں اور انھوں نے یہ میچ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی مختلف کنڈیشنز میں کھیلے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy