آغا شاہد علی ایک مخلص اور حلیم و شفیق انسان تھے؛محمد یاسین ملک

Published on December 8, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 480)      No Comments

سری نگر(یو این پی) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ آغا شاہد علی ایک مخلص اور حلیم و شفیق انسان تھے۔ وہ ایک محب وطن تھے اور یہی وجہ تھی کہ انہوں نے دیار غیر میں بھی اپنے وطن کو ہمیشہ یاد رکھا۔ ان باتوں کا اظہار لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کل آغا شاہد علی کی برسی پر انہیں یاد کرتے ہوئے کیا۔مرحوم آغا شاہد علی کو ایک مخلص محب وطن شخص قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے مرحوم کے ساتھ اپنی وابستگی اور دوستی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قدر مخلص اور حلیم الطبع انسان تھے کہ انکے آخری وقت پر جب میں ان کی عیادت کیلئے گیا تو نکلتے وقت وہ مجھ سے اسلئے معذرت کررہے تھے کہ بیماری کے باعث وہ مجھے الوداع کہنے کیلئے خود دروازے تک چل کر نہیں نکل سکیں گے۔مرحوم شاعر کی ایک نظم بعنوان آئی سی کشمیر فرام نیو دہلی جس میں کہ مرحوم شاعر نے بدنام ٹارچر سینٹر پاپا 2 کا ذکر کیا ہے کا حوالہ دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ میں نے بذات خود پاپا ٹو انٹروگیشن سینٹر میں کئی راتیں اور دن گزارے ہیں لیکن آغا شاہد علی کبھی اس تعذیب گاہ میں نہیں گئے تھے لیکن باوجود اسکے انہوں نے جس کمال مہارت سے اس بدترین ٹارچر سینٹر کا خلاصہ اپنے اشعار میں کیا ہے وہ انکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کشمیر کے تئیں انکی والہانہ محبت کا آئینہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ آغا شاہد علی مرحوم امریکہ میں رہتے تھے لیکن غریب الوطنی میں بھی انہوں نے اپنے وطن کو اپنی نظروں اور خیالات سے اوجھل نہیں ہونے دیا جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ باہر رہتے ہوئے بھی ان کا قلب ہمیشہ کشمیر میں ہی رہتا تھا۔یہی وجہ ہے کہ امریکہ میں انگریزی کا مقبول ترین شاعر ہونے کے باوجود وہ اپنی شاعری میں کشمیر اور کشمیریوں پر مظالم کا ذکر کرنا نہیں بھولتے تھے۔دریں اثنا فرنٹ نے مرحوم محمد یوسف المعروف ادریس خان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ کا ایک وفد جس کی قیادت زونل صدر نور محمد کلوال کررہے تھے کل ان کے گھر ملہ باغ گیا اور غم زدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy