پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے جدہ میں دوسرےسالانہ گرینڈ میڈیکل کیمپ کا انقعاد

Published on December 16, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 418)      No Comments


رپورٹ : سید شہاب الدین
بیماریوں سے پاک صحت مندزندگی گزا رنا ہر انسان کی ہمیشہ سے ہی خواہش رہی ہے مگر فی زمانہ غذاؤں میں مضر صحت اشیاء کی حد درجہ ملاوٹ اورانسان کی سہل پسندی نے اس خواہش کی تکمیل کو ایک خواب بنا کررکھ دیا ہے۔ نتیجتا ً انسان پیچدہ امراض میں مبتلا ہوکرچار و ناچار ڈاکٹروں اور دواؤں پر انحصار کرنے لگا ہے۔ مگر بہت سے لوگ ڈاکٹروں کی مہنگی فیس ادا نہ کرنے اور قیمتی دواؤں کے خریدنے کی استطاعت نہ ہونے کی بنا پر اپنے علاج پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے پاتے۔ اس حوالے سے پاکستان ویلفئیر سوسایٹی نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نادارافراد کی معاونت کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ مختلف امراض کے ماہرین ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہر پندرہ روز پر جمعہ کے دن باقاعدگی سے پاکستان قونصلیٹ کی عمارت میں میڈیکل کیمپ کا انقعاد کرتی ہے جہاں مستحقین کو بلکل مفت اور مکمل طبی چیک اپ کے ساتھ ساتھ مفت دوائیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کے زیر اہتمام پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد گزشتہ 10 سالوں سے اس سہولت سے متواتر مستفیض ہورہی ہے۔ اور اب پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کی ٹیم پچھلے ایک سال سے ایک گرینڈ میڈیکل کیمپ کا بھی انقعاد کررہی ہے۔ گزشتہ دنوں ویلفئیر سوسایٹی نے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں دوسرا سالانہ فری گرینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقادکیا جس سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھر پور استفادہ حاصل کیا ۔ جدہ میں مقیم چالیس سے زائد پاکستانی ڈاکٹروں (مرد و خواتین) نے کیمپ کے لیے اپنی خدمات پیش کیں جن میں کارڈیالوجسٹ، نیورولوجسٹ، آرتھو پیڈک ، گائناکالوجسٹ، ماہر امراض اطفال، امراضِ معدہ، امراضِ جلد، امراضِ سینہ، ای این ٹی، امراضِ چشم اور یورولوجسٹ شامل ہیں۔ مرد اور خواتین ڈاکٹروں کے پینل نے مریضوں کا مفت معا ئینہ کیا، ضرورت کے مطابق مختلف ٹیسٹ کئے گئے اور کیمپ کی فارمیسی سے مفت دوائیں دی گئیں۔
ریاض سے خصوصی طور پر تشریف لائے سفیر پاکستان جناب خان ہشام بن صدیق نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے سفیر پاکستان کا استقبال کیا اور ان کو کیمپ کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف ڈاکٹروں کے پاس گئے، ان سے کیمپ اور مریضوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کی جانب سے فراہم کردہ مفت خدمات مثلا ای سی جی، بلڈ شوگر ، بلڈ پریشر، الٹرا ساونڈ اور دیگر ٹیسٹ کا بغور جائزہ بھی لیا۔ سفیر پاکستان نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ہمہ وقت اور بے لوث خدمت میں مصروف ویلفیئر سوسائیٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن اور انکی ٹیم کی تعریف کی اور انہیں زبردست خر اج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر قونصلر جنرل جدہ جناب شہر یار خان بھی موجود تھے، انہوں نے بھی پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کے فلاحی کام کو تحسین کی نظروں سے دیکھا اور میڈیکل کیمپ کے لئے قونصلیٹ کی طرف سے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔
گرینڈ میڈیکل کیمپ کے ان چارج ڈاکٹر شکیل بخش اس دوران بہت متحرک رہے اور مسلسل انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ پاکستان ویلفئیر سوسایٹی خواتین ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے بڑی مستعدی اور شفقت سے خواتین اور بچوں کا معا ئینہ کیا اور انکو دوائیں اور ٹیسٹ وغیرہ تجویز کیے۔ ویلفئیر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد عبید نے مریضوں کے معائینہ کے ساتھ ساتھ دواؤں سے حتی الامکان بچنے اور علاج با لغذا پر زور دیا۔ انہوں نے روز مرہ کے استعمال میں آنے والی ڈبہ بند غذاؤں اور مصنوعی اشیاء اور مشروبات کے مضر صحت اثرات سے لوگوں کو خاطر خواہ آگاہی دی اور قدرتی غذاؤں کے استعمال پر زور دیا ۔
ڈاکٹر رانا محمد ثناء الله بھی بہت متحرک رہے انہوں نے بڑی تسلی سے مریضوں کو چیک کیا اور دوائیں تجویز کیں۔ مریضوں کے بلڈ شوگر ٹیسٹ کے لئے ڈاکٹر شاہد منہاس نے اپنی خدمات پیش کیں
ویلفئیر سوسائیٹی کے نائب صدر شریف زمان اور سپریم کونسل کے ممبرز انور انجم ، محمود بھٹی اور خلیل جنجوعہ نے کیمپ کی دیگر سہولیات کا خاطر خواہ انتظام کیا اور مہمانوں کے لئے خورد و نوش کا زبردست انتظام کیا۔پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے ممبر اور رجسٹریسن ان چارج سید شہاب الدین نے نہایت موثر انداز سے میڈیکل کیمپ کی تشہیر کو یقینی بنایا اور رجسٹریشن کے عمل کو بہترین اور ہموار طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔ ویلفئیر سوسایٹی کے دیگر اراکین محمد فہیم ارشد اور مس نورین اسحاق اپنے والنٹیرز کے ہمراہ خاصے سرگرم رہے اور ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ مختلف اقسام کے ٹیسٹ کے لئے مریضوں کی مکمل رہنمائی کی۔ اچھی اور صحت مند زندگی گزارنے کے اصول کے حوالے سے ایک وڈیواور سلائیڈ شو کا بھی انتظام کیا گیا تھا جسے لوگوں نے بہت پسند کیا ۔جدہ کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو قونصلیٹ تک لانے اور لیجانے کے لئے پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کی جانب سے مفت ٹرانسپورٹ کا بھی بندو بست کیا گیا تھا ، اس حوالے سے سوسائٹی کے دیرینہ رکن عمران عباسی کی بھر پورمعا و نت حاصل رہی ۔ آخر میں گروپ کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اسی طرح اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔میڈیکل کیمپ شام کے سہہ پہر سے شروع ہوکر شب کے 9 بجےاختمتام پذیر ہوا ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes