افغانستان نے بھارت کیلئے دوسری فضائی راہ داری کھول دی

Published on December 28, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 311)      No Comments

کابل (یواین پی) افغانستان نے بھارت کیلئے دوسری فضائی راہ داری کھول دی ہے جس سے بھارت کے شہر ممبئی کے ساتھ فضائی تجارتی رابطہ قائم ہو گا۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق اس سے قبل افغانستان اور نئی دہلی کے درمیان فضائی تجارتی رابطے کے لئے ایک راہ داری قائم کی گئی تھی، اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منعقد ہوئی۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے افغان ایوانِ صنعت و تجارت کے نائب سربراہ خان جان الوکزئی نے کہا کہ افغان پھلوں کی ممبئی میں قیمت مقامی قیمت کے مقابلے میں دوگنا ہے ، اس طرح افغانستان کو تجارتی فائدہ حاصل ہو گا۔ افغان ایوانِ صنعت و تجارت کے ترجمان سیامودنگ پیسارلے کا کہنا ہے کہ ممبئی کے لیے اس پہلی پرواز میں40 ٹن تازہ پھل اور خشک میوہ جات کے ساتھ ساتھ طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی جڑی بوٹیاں بھیجی جا رہی ہیں۔

افغانستان نے رواں برس جون میں بھارت کے لیے پہلی فضائی راہ داری قائم کی تھی جس سے ہفتہ وار بنیادوں پر پروازیں آتی جاتی ہیں اور اب تک 52 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ساڑھے پندرہ سو ٹن تازہ پھل، خشک میوہ جات، ہاتھ سے بنے ہوئے قالین اور طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی جڑی بوٹیاں بھارت پہنچائی گئی ہیں۔ ایوان صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ ابتدائی کانٹریکٹرز کے پاس طیاروں کی کمی کی وجہ سے اب ایوانِ صنعت و تجارت نے ایک اور فضائی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم چھ سو ملین ڈالر سالانہ ہے جبکہ اس نئی راہ داری کے بعد یہ بڑھ کر ایک ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes