زکام میں اتنی تھکاوٹ کیوں ہوتی ہے؟ قدرت کا ایسا نظام سائنس نے پتہ لگا لیا کہ سب عش عش کر اُٹھے

Published on January 8, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 376)      No Comments

واشنگٹن(یواین پی) نزلہ و زکام اور اس نوعیت کی دیگر بیماریوں کے شکار اکثر لوگوں کو کسی حد تک اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اس بات کی شدید ضرورت محسوس کرتے ہیں کہ ”آج دفتر نہ جائیں ، کسی سے میل ملاقات بھی نہ کریں، بس اپنے کمرے میں بستر کے اندر دبکے رہیں۔“
ان محسوسات کا تجربہ تقریباً ہم سب ہی کر چکے ہیں۔ اس معاملے کی تحقیق کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کوئی بھی بیماری لاحق ہونے پر، چاہے وہ بہت معمولی ہی ہو، ہمارا جسم خود کار طریقے سے اس مخصوص نفسیاتی ردِ عمل کا اظہار کرتا ہے، جسے ’بیماری کا رویہ‘کہا جاتا ہے ۔ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ وہی کیمیکل جو ہمارے مدافعتی نظام کو جراثیموں کے خلاف متحرک کرتے ہیں ہمیں سب کچھ چھوڑ کر آرام کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں ۔ انہی کیمیکلز کی وجہ سے ہم اپنا کام چھوڑنے، سماجی میل جول ترک کرنے اور حتیٰ کہ کھانے پینے میں بھی کم دلچسپی محسوس کرتے ہیں ۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سائنسدان ڈاکٹر مائیکل فلپشین کہتے ہیں کہ موڈ اور رویے میں تبدیلی بیماری کے خلاف ہمارے قدرتی ردِ عمل کا حصہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دراصل ہمارا جسم اپنی طاقت کو بچا کر بیماری کا بہتر مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ہم روزمرہ کے کاموں سے کٹ کر محض آرام کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ 
اگرچہ ہمارا جسم ہمیں آرام کرنے کا مشورہ دے رہا ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود زکام جیسی معمولی بیماری میں مبتلا اکثر لوگ اپنا کام جاری رکھتے ہیں۔ سال 2015 ءمیں کئے گئے ایک سروے کے مطابق کھانے پینے کے کاروبار سے متعلقہ افراد میں سے تقریباً 50 فیصد ایسے تھے جو زکام جیسی بیماری کے باوجود اپنے کام میں مصروف رہے ۔
فلاڈلفیا کے چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں پر کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان میں سے 95 فیصدکا خیال تھا کہ اگر وہ بیماری کی حالت میں کام پر جائیں تو مریض اور اس کے اردگرد موجود لوگ ان کی بیماری سے متاثر ہو سکتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان میں سے 83 فیصد کا کہنا تھا کہ اگر انہیں بیماری لاحق ہو تو وہ بہر حال کام پر چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مریضوں اور رفقائے کار کو اپنی غیر حاضری سے پریشان نہیں کرنا چاہتے، اور نا ہی چھٹی کر کے اپنا تاثر خراب کرنا چاہتے ہیں، اس لیے بیماری کے باوجود کام پر پہنچ جاتے ہیں ۔ تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ بہت سی بیماریوں کے وبا ءکی صورت میں پھیلنے کی ایک وجہ شعبہ صحت سے متعلقہ افراد کا بیماریوں سے متاثر ہونے کے باوجود اپنا کام جاری رکھنا ہے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog