عاصمہ جہانگیر کی تدفین(آج) ہو گی ، انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری، وکلا کا ملک بھر میں یومِ سوگ

Published on February 13, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 203)      No Comments

ہم نے انسانی حقوق کی ایک قدر آور شخصیت کھو دی،وہ با اصول، بہادر اور مہربان خاتون تھیں ،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
لاہور/اسلام آباد(یوا ین پی) عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری، وکلا کا ملک بھر میں یومِ سوگ،تدفین (آج) ہو گی ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان کی معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علم بردار عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر کہا ہے کہ ہم نے انسانی حقوق کی ایک قدر آور شخصیت کھو دی ہے۔ایک بیان میں سیکرٹری جنرل گوتیرس نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی خبر آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گونج رہی ہے۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے مساوی حقوق کے لیے انتھک کام کیا اور وہ با اصول، بہادر اور مہربان خاتون تھیں۔اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کو بھلایا نہیں جائے گا۔عاصمہ جہانگیر کے اچانک انتقال پر نہ صرف حکومت کے اعلی عہدیداران بلکہ مقامی اور ملک سے باہر بھی سماجی حقوق کے کارکن اپنے اپنے طور پر تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔اس سے پہلے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے زبانوں، بے سہاروں اور ظالموں کے ستائے ہوئے مظلوموں کی آواز آج خاموش ہو گئی۔عاصمہ جہانگیر کی نمازِ جنازہ (آج) منگل کو لاہور میں ادا کی جائے گی۔عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر ملک بھر میں فضا سوگوار رہی اور وکلاء نے یوم سوگ منایا۔سندھ اور بلوچستان میں وکلاء نے عدالتی کارروئی کا بائیکاٹ کیا۔سندھ میں وکلاء سرگرمیاں معطل رہیں ،پیپلز پارٹی نے سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں اور پارٹی پرچم سرنگوں رکھا۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریفرنسز کا اہتمام کیاگیا ۔بلوچستان میں بھی وکلاء نے یوم سوگ منایا اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔کوئٹہ بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری عطااللہ کے مطابق سینئر قانون عاصمہ جہانگیر کے انتقال پربلوچستان کے تمام وکلا تنظیموں نے اظہارافسوس کیا ہے۔پاکستان بار کونسل کی اپیل پر صوبہ بھر میں وکلا نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔وکلا رہنماوں کا کہنا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، خصوصا آمریت کے خاتمے،حقیقی جمہوریت ،آئین ،قانون کی بالا دستی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق کے لئے انہوں نے طویل جنگ لڑی۔پنجاب اور خیرب پختون خوا میں بھی وکلا نے یوم سوگ منایا اور عدالتی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes