صدرمملکت کا چین کے سال نو کے آغاز چینی عوام کو تہنیتی پیغام

Published on February 16, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 159)      No Comments

سدا بہار پاک چین دوستی خطے کی ترقی و استحکام کی ضمانت ہے ، اس سلسلے میں سی پیک امید کی کرن بن کر نمودار ہوا،ممنون حسین
اسلام آباد(یوا ین پی )صدر مملکت ممنون حسین نے چینی سال نو کے آغاز کے موقع پر چینی عوام کو تہنیتی پیغام دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سدا بہار پاک چین دوستی خطے کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے ۔ اس سلسلے میں پاک چین اقتصادی راہداری امید کی کرن بن کر نمودار ہوئی ہے ۔ صدر مملکت کا یہ پیغام جمعرات کی سہ پہر تین بجے پاکستان ٹیلی وژن اور چین کے قومی چینل سی سی ٹی وی سے بیک وقت نشر کیا گیا۔ صدر مملکت کے پیغام کے مکمل متن کے مطابق میرے عزیز چینی دوستو!پاکستان اور چین کا جغرافیہ بلند و بالا پہاڑوں اور مچلتے ہوئے منہ زور ندی نالوں کے ذریعے ہی ایک دوسرے سے منسلک نہیں ہے بلکہ ان کے عوام کے دل بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ۔قلب و جاں کے رشتے کی طرح قریب چینی بھائیوں کو ان کے اہم ترین تہوار پر تہنیت پیش کرنا میرا خوش گوار فریضہ ہے۔ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے چینی سالِ نو کی شاندار تہذیبی تقریبات کے موقع پر مبارک باد قبول کیجئے۔سالِ نو اور جشنِ بہاراں مبارک ’’چھن جِئے کھوائے لہ‘‘مجھے یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی روابط ہمارے ثقافتی رشتوں اور تعاون میں نئی شاندار جہتیں پیدا کر یں گے۔ پاک چین دوستی بھائی چارے کے فولادی رشتے اور سدابہار تزویراتی تعاون کے مضبوط بندھن میں بندھی ہوئی ہے جس نے اسے فلک بوس کوہساروں سے بلند ، بحرہائے عمیق کی گہرائیوں سے عمیق تر اور محبت و اخلاص کی مٹھاس میں شہد سے زیادہ شیریں بنا دیا ہے ۔ اخلاص و محبت کے اس لازوال تعلق نے دونوں ملکوں کے باہمی تعاون اور سرکاری تعلقات کو بھی مثالی حیثیت دے دی ہے۔مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ برس چین نے بین الاقوامی نظم و نسق میں بہتری کے ضمن میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں کانگریس کی شاندار کامیابی اس سلسلے میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس تاریخ ساز واقعے نے چینی قوم کے جوش و جذبے میں نئی روح پھونک دی ہے ۔یہ حقیقت شک و شبے سے بالا ہے کہ پاکستان اور چین کے مقاصد یکساں ہیں جن کے فروغ کے لیے دونوں ممالک بے مثال یک جہتی سے کام کر رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا عظیم الشان منصوبہ پوری آب و تاب کے ساتھ تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے ۔مجھے یقین ہے کہ صدر ژی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی ولولہ انگیز قیادت میں آنے والے دنوں کے دوران چین مزید ترقی کرے گا اور پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔میری دعا ہے کہ پاک چین دوستی اسی طرح پھلتی پھولتی رہے اور آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتی رہے۔پاک چین دوستی وانگ شوئے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes