پاناما فیصلہ اقامے پر نہیں آنا چاہیے تھا ، حدیبیہ کیس دوبارہ سپریم کورٹ لے جائیں گے عمران خان

Published on February 21, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 203)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ پورے ملک میں مہم چلائیں گے اورعدلیہ کی حمایت میں ن لیگ کے سب جلسوں سے بھی بڑا جلسہ اسلام آباد میں کریں گے۔ پاناما کیس میں اتنی ساری چیزیں تھیں اس لیے اقامے پر فیصلہ نہیں آنا چاہیے تھا ۔ انہوں نے نئے شواہد کی بنا پر حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ سپریم کورٹ لے جانے کا بھی اعلان کردیا۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ یہ اپنی چوری بچانے کیلئے پاکستان کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا ، کسی ملک کو ختم کرنا ہے تو اس پر بمباری کی ضرورت نہیں ، ادارے تباہ ہونے سے ملک تباہ ہوجائے گا۔ اگر ادارے ٹھیک ہوتے تو نواز شریف کو نیب پکڑ چکا ہوتا، جنوبی افریقہ کے صدر زوما کو اس کی پارٹی نے فارغ کردیا لیکن یہاں انہوں نے ادارے تباہ کردیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیب میں اپنا آدمی لے آئے جس نے قوم کا پیسہ نکلوانے کی بجائے انہیں تحفظ دینا شروع کردیا ، ایف بی آر کے اندر ان کے کیسز ہیں لیکن وہ ان کی ٹیکس چوری میں مدد کرتے ہیں، وزیر خزانہ ان کی منی لانڈرنگ میں مدد کرتا رہا ہے، ہمارا وزیر خارجہ دبئی کی کمپنی سے 16 لاکھ روپے ماہانہ کی تنخواہ لے رہا ہے، ملک کا وزیر اعظم ایل این جی کے اندر پھنسا ہوا ہے۔ یہ ایک مافیا ہے جن کے اوپر گاڈ فادربیٹھا ہوا ہے ، نیچے والے لوگ چاہتے ہیں کہ نواز شریف پکڑا نہ جائے کیونکہ اگر وہ پکڑا گیا تو یہ سب لوگ پکڑے جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے نواز شریف کو عدلیہ پر تنقید کے معاملے پر بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا جب سپریم کورٹ یوسف رضا گیلانی کو خط لکھنے کا کہہ رہی تھی تو نواز شریف کو عدلیہ بہت پسند تھی لیکن اب ان کے خلاف عالمی ساز ش ہوگئی، ان کی ساری کوشش اپنے آپ کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے بچانے میں ہے، عوام کی عدالت سے بڑا دھوکہ قوم کے ساتھ کوئی نہیں ہے، اگر کل کو عمران خان وزیر اعظم بن کر ادارے مفلوج کردے اور پیسہ لوٹنا شروع کردے تو کیا اس کا ٹرائل عوامی عدالت کرے گی؟۔ہماری پارلیمانی پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اس کو پوری طرح ایکسپوز کرے گی ۔ ممبر شپ مہم کے دوران خود پورے پاکستان کے دورے کروں گا، اسلام آباد میں اتنے لوگ اکٹھے کروں گا کہ ان کے تمام جلسوں سے زیادہ تعداد ہوگی ، قوم کو یہ دکھائیں گے کہ عوام عدلیہ کے ساتھ اور چوروں کے خلاف ہے۔
نواز شریف کی تقریروں پر پابندی کے حوالے سے دائر کی جانے والی درخواست کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ نواز شریف الطاف حسین کے قریب قریب پہنچ گئے ہیں، اگر سابق اور موجودہ وزیر اعظم ہی عدالتوں کو عزت نہیں دے رہے تو جیلوں میں بھرے ہوئے لوگ کیوں عدالت کو مانیں گے۔ یہ جو کچھ کر رہے ہیں ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا لیکن اب فیصلہ آنے میں صرف 3 ہفتے رہ گئے ہیں اس لیے انہیں مزید وقت دے دینا چاہیے اور انہیں شہید نہ ہونے دیا جائے ، نواز شریف پہلا شہید ہوگا جو اتنا بڑا ڈاکہ مار کر شہید ہوگا۔
پاناما کیس کے فیصلے پر ایک بار پھر عمران خان نے اظہار عدم اطمینان کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نواز شریف کو جھوٹ پر جیل میں ڈالنا چاہیے تھا، قطری خط سامنے آتے ہی کیس رک جاتا اور نواز شریف کو اسی دن جیل میں جانا چاہیے تھا، کیلبری فونٹ پکڑا گیا تو اس پر بھی جیل کی سزا تھی ۔ دنیا میں کسی بھی وزیر اعظم کو اقامے پر نہیں نکالا جاتا ، اگر انڈیا کا وزیر اعظم دبئی کی کسی کمپنی سے تنخواہ لیتا ہو تو وہ ایک منٹ بھی دفتر میں نہیں رہ سکتا۔ پاناما کیس میں اتنی زیادہ چیزیں تھیں لیکن فیصلہ اقامے پر آیا جس سے انہیں سڑکوں پر نکلنے کا موقع مل گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ سپریم کورٹ لے جانے کا بھی اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئے شواہد کی بنا پر حدیبیہ پیپر ملز کیس کو دوبارہ سپریم کورٹ لے کر جائے گی، جب بھی یہ اپیل سنی جائے گی تو شہباز شریف کا بھی وہی حال ہوگا جو کیوں نکالا کا ہوا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog