اسلام ہی واحد دین ہے جو عورتوں کے حقوق کا محافظ ہے؛سراج الحق

Published on March 9, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 304)      No Comments


لاہور(یوا ین پی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عالمی یوم خواتین کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام ہی واحد دین ہے جو عورتوں کے حقوق کا محافظ ہے۔ اسلام نے عورت کو وراثت کا حق اور عورت کو ماں بہن اور بیٹی کے روپ میں عزت و احترام دیتا ہے۔ مغرب نے عورت کا استحصال کیاہے یہاں تک کہ معاشی بوجھ بھی اس پر ڈال دیا ہے۔ اسلام نے مرد کو عورت اور اپنے خاندان کا کفیل بنایا ہے۔اسٹیٹس کو اور استعماری قوتوں کے غلام حکمران عورتوں کا استحصال کررہے ہیں، جس نے اپنی بہن اور بیٹی کو وراثت میں اس کا حق نہ دیا ہوالیکشن کمیشن ایسے امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے۔جاگیر دار وڈیرے اور سرمایہ دار اپنی جاگیریں ،اثاثہ جات اور بنک بیلنس تقسیم ہونے کے ڈر سے بیٹیوں اور بہنوں کو وراثت سے محروم رکھتے ہیں۔۔مغر ب اپنی شیطانی تہذیب کو مسلط کرنے کیلئے مسلم دنیا کے حکمرانوں کے ذریعے ہمارے خاندان کے قلعہ کو مسمار کرنا چاہتا ہے، اسمبلیوں میں بیٹھی ہوئی مغرب زدہ خواتین پاکستانی عورت کی نمائندگی نہیں کرتیں، وہ مغرب کی نمائندہ ہیں اور عورتوں کے حقوق کے نام پر مغربی تہذیب یہاں مسلط کرنا چاہتی ہیں۔ خواتین کو اسلام نے ماں بہن بیٹی اور بیوی کے رشتوں کے حوالے سے جو احترام دیا ہے اس کی مثال دوسرے کسی مذہب اور تہذیب میں نہیں ملتی۔ خواتین پر تشدد کرنے والے سے بڑھ کر کوئی بزدل نہیں ہوسکتا۔ سراج الحق نے کہاکہ خواتین کے لئے رول ماڈل ہالی وڈ کی اداکارائیں نہیں، حضرت فاطمہ اور حضرت عائشہ ہیں۔ خواتین اگر اپنے حقوق سے محروم ہیں تو صرف اس لیے کہ ان کے حقوق کی بات کرنے والی این جی اوز زدہ خواتین نمائشی کاروائیوں پر یقین رکھتی ہیں، انہیں عورت کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر سب سے زیادہ ظلم کرنے والے وہی لوگ ہیں جو ان کے حقو ق کے لیے شور مچاتے ہیں۔ اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا توخواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے بنائیں گے۔اسلامی حکومت خواتین کو بلاسودی قرضے دے گی تاکہ وہ گھریلو دستکاریوں اور چھوٹی صنعتوں کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔قومی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ سے ہی عورت کو احترام اور اعتماددیا جاسکتا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران امریکہ اور مغرب کو خوش کرنے کیلئے مسلمان خواتین سے حجاب جیسی نعمت چھین لینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن و حدیث کی روشن تعلیمات سے اپنے گھروں کو منور کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشرے کو جہالت ،کرپشن ،بدامنی ،دہشت گردی ،غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہمیں خواتین کو اعتماد دینا اور ان کے حقوق کو ادا کرنا ہوگا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes