پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل ایسے نہیں جو حل نہ ہوں، بھارتی ہائی کمشنر

Published on March 31, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 223)      No Comments


لاہور(یوا ین پی) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل ایسے نہیں جو حل نہ ہوں لہذا کوشش ہیکہ برف پگھلے اور مسائل کم ہوں۔جمعہ کو پاکستان میں تعینات نئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صنعت کاروں نے بھارتی ہائی کمشنر سے شکوہ کیا کہ تاجروں اور عام لوگوں کو ویزوں کا اجرا مشکل ہو گیاہے، عوام اور تجارت کا راستہ روکنا دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے لہذا راستے کھولے جائیں اورسفر آسان کیا جائے۔تاجروں نے بھارتی ہائی کمشنر سے کہا کہ بھارتی حکومت کا رویہ بہتر نہیں اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔بھارتی ہائی کمشنر نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویزوں کا مسئلہ یقیناًتکلیف دہ ہے، کوشش کروں گا کہ تاجروں کو زیادہ ویزے جاری ہوں، ایک دوسرے سے تجارت کو فروغ ہی مقصد ہونا چاہیے۔اجے بساریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں جو ہمیشہ رہیں گے، ہمیں مل جل کر بات چیت سے ہی آگے بڑھنا ہوگا، میری کوشش ہے کہ برف پگھلے اور مسائل کم ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ آپس میں ملنا چاہتے ہیں، اختلافات ایسے نہیں کہ حل نہ ہوں، ہم سب کو مل کر امن کی بات کرنی چاہیے، ہمیں سیکورٹی ایشوز کو الگ اور دیگر معاملات کو الگ دیکھنا ہوگا۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں اجے بساریہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی بحالی کیلئے پر امید ہیں ۔ دونوں ممالک کے شہری کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔ دونوں اطراف کے حالات ساز گار ہوتے ہی کرکٹ بھی بحال ہو جائے گی۔اس سے قبل لاہور چیمبرآف کامرس کے دورے کے دوران بات کرتے ہوئے اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو ہراساں کرنے کے حوالے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے، دونوں ممالک کو ٹرانزٹ اور روابط کو بہتر کرنا چاہئیے۔ اجے بساریہ نے کہا میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ حقیقت سے ہٹ کر رپورٹنگ کرنے سے مسائل بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا پانی کے مسئلے پر دونوں ممالک کے اعلی حکام کے مابین بھارت میں بات چیت ہو رہی ہے۔ دونوں ملکوں کی جیلوں میں قید سزائیں مکمل کرنے والے قیدیوں کو انسانی بنیادوں پررہا ہونا چاہیئے اوراس پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog