تحریک انصاف کی ایک دن میں دو وکٹیں گر گئیں ،احمد رضا مانیکا نے پارٹی چھوڑ دی ،وجیہ الزمان ق لیگ میں شامل

Published on March 31, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 297)      No Comments

پاک پتن سے سابق ایم این اے اور پارٹی کے ضلعی صدر کے ساتھی بھی تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ دیں گے، کئی جماعتوں سے رابطہ ہے فیصلہ مشاورت سے کریں گے،الیکشن میں حصہ ضرور لوں گا،احمد رضا مانیکا کی پریس کانفرنس،عمران خان پر تنقید
رکن کے پی اسمبلی نے چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ملاقات کے بعد تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا
لفظ فریادی کو فساد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،نگران حکومت کیلئے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق ہو نہیں پائے گا، ہم جہاں کھڑے ہیں وہیں کھڑے ہیں، جو پاکستان کو فوقیت دے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں،چوہدری شجاعت 
لاہور /پاکپتن(یوا ین پی ) تحریک انصاف کی ایک دن میں دو وکٹیں گر گئیں ،احمد رضا مانیکا نے پارٹی چھوڑ دی ،وجیہ الزمان ق لیگ میں شامل۔تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکپتن کے ضلعی صدر احمد رضا مانیکا نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرلی۔پاکپتن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما احمد رضا مانیکا نے بتیا کہ میں آج پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کا رکن بھی نہیں رہنا چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب جتنی بار پاکپتن تشریف لائے ، کسی عہدیدار کو ملے بغیر واپس چلے گئے۔یواین پی کے مطابق احمد رضا مانیکا کا کہنا تھا کہ عمران نے کسی عہدیدار سے کوئی ملاقات نہیں کی، لیڈر شپ کو اپنی ٹیم کا پتہ ہی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان 100 سال سے پاکپتن کی خدمت کررہا ہے ، میں الیکشن لڑوں گا، تمام سیاسی جماعتیں مجھ سے رابطے میں ہیں۔احمد رضا مانیکا نے بتایا کہ کچھ دن میں اپنا لائحہ عمل دوں گا،انہوں نے مزید کہا کہ میرے ساتھ آٹھ سے دس چیئرمین مستعفی ہوں گے۔ واضح رہے کہ احمد رضا مانیکا سابق وفاقی وزیرغلام محمد احمد مانیکا کے صاحبزادے ہیں، وہ ق لیگ کی سیٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔احمد رضا مانیکا اس وقت یونین کونسل کے چیئرمین اور ضلع کونسل کے رکن ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی وکٹ اڑا دی، مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل ہوگئے۔تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان نے ساتھیوں سمیت چوہدری شجاعت حسین نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور مسلم لیگ(ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ لفظ فریادی کو فساد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ ایک ہی ہے یہ ن، ش یا کوئی دوسری جماعت نہیں ہوتی سب ایک ہیں جو پاکستانی ہے وہ مسلم لیگی ہے ہم جہاں کھڑے ہیں وہیں کھڑے ہیں، جو پاکستان کو فوقیت دے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔چوہدری شجاعت حسین نے دعوی کیا کہ نگران سیٹ اپ کیلئے لیڈر آف دی ہاؤس اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہیں ہو پائے گا۔ ان کا کہنا تھا ان کی کتاب اگلے ہفتے مارکیٹ میں آرہی ہے جس میں انہوں نے سچ کے علاوہ کچھ بھی نہیں لکھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان نے کہا کہ کے پی میں ایک کارکن بھی پی ٹی آئی کے نظریے پر نہیں چل رہا، آج عامر لیاقت جیسے لوگ پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کبھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی، اس لیے ڈیڑھ سال پہلے مسلم لیگ ن چھوڑی تھی کیونکہ پارٹی رہنما بات نہیں مانتے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy