قوم دیانتدار اور باکردار لوگوں کو ووٹ دے گی تو پاکستان کرپشن فری بنے گا‘ سینیٹر سراج الحق

Published on May 4, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 378)      No Comments

 پشاور (یواین پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم دیانتدار اور باکردار لوگوں کو ووٹ دے گی تو پاکستان کرپشن فری بنے گا، اس وقت متحدہ مجلس عمل ہی ایک حقیقی متبادل ہے ، ظالم اور کرپٹ سرمایہ دارانہ سیاست کے مقابلے میں عام آدمی کی ترجمانی متحدہ مجلس عمل کرتی ہے ، 13 مئی کا مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والا ایم ایم اے کا جلسہ قومی وحدت اور یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا جس میں فرقہ وارانہ ، مذہبی ، لسانی اور علاقائی تعصبات کے بت پاش پاش ہو جائیں گے اور پوری قوم اس پاکستان کے حصول کے لیے یک زبان ہوگی جس کا خواب ہمارے بڑوں نے دیکھا تھا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق عالم اسلام کا ایک مضبوط قلعہ بنانے کے لیے ایک باکردار اور کرپشن سے پاک خوف خدا رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے جو صرف ایم ایم اے دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں براہ راست آمریت کو بھی آزمایا گیا اور جمہوریت کے لبادے میں شخصی آمریتیں بھی قائم رہیں لیکن ملک کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا اور آج صورتحال اس قدر دگر گوں ہو چکی ہے کہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں عوام کے سامنے مجرموں کے کٹہرے میں کھڑی ہیں اور قومی دولت لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کرنے والی نام نہاد قومی قیادت بے نقاب ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار حکمرانوں نے قوم کا مستقبل داؤ پر لگادیا ہے ۔ ملک کے نظریے سے بے وفائی کرنے والوں نے آدھا ملک گنوادیا مگر ایک دن کے لیے آئین پاکستان کے تقاضوں کے مطابق ملک میں اسلام کو حکمرانی کا موقع نہیں دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت حقیقی متبادل قوت صرف متحدہ مجلس عمل ہے جو بیس کروڑ عوام کی حقیقی نمائندہ ہے ۔ میدان میں موجود باقی تمام پارٹیوں کو عوام نے آزمالیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹیاں اور پرچم بدل بدل کر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ،عوام ان فصلی بٹیروں کے چنگل میں آنے والے نہیں ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 13 مئی کو ایم ایم اے کا مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ مستقبل کی قومی سیاست کا رخ متعین کردے گا ۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes